اسلام آباد:ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت نے کم عمر ملازمہ رضوانہ تشدد کیس میں جج کی اہلیہ ملزمہ سومیا عاصم کی ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست منظور کرلی۔
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد میں ملزمہ سومیا عاصم کی عبوری ضمانت کی درخواست کی سماعت ہوئی۔ ملزمہ سومیا عاصم عدالت میں پیش ہوئی ۔ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ڈاکٹر عابدہ ساجد نے ایک لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض ملزمہ کی سات اگست تک عبوری ضمانت منظور کرلی اور اسے شامل تفتیش ہونے اور آئندہ سماعت پر ایڈیشنل سیشن جج فرخ فرید کی عدالت میں پیش ہونے کا حکم دیا۔
ملزمہ سومیا عاصم نے درخواست میں کہا کہ میں بھی منفی مہم کی متاثرہ ہوں جو میرے اچھی شہرت کے حامل شوہر سول جج کیخلاف چلائی جارہی ہے، اس ذہنی ٹراما کی وجہ سے مجھے شدید مشکلات کا سامنا ہے، تعلیم یافتہ اور باوقار خاتون ہوں، بدنیتی کی بنیاد پر کیس میں پھنسایا جارہا ہے، پولیس کے سامنے شامل تفتیش ہونے کو تیار ہوں ، میری ضمانت قبل از گرفتاری منظور کی جائے۔
Comments are closed.