امریکا کی داعش کے خلاف بڑی کارروائی۔۔۔ کابل ایئرپورٹ حملوں کا ماسٹر مائنڈ ہلاک

امریکی سینٹرل کمانڈ کا کہنا ہے کہ کابل ایئرپورٹ حملوں کا ماسٹر مائنڈ داعش کمانڈر کو ڈرون حملے میں ہلاک کر دیا ہے۔ حامد کرزئی ایئرپورٹ پر داعش کے مزید حملوں کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔

امریکی سینٹرل کمانڈ کے عہدیدار کیپٹن بل اربن کا کہنا ہے کہ افغانستان کے صوبے ننگرہار میں داعش کے ٹھکانے پر ڈرون حملہ کیا گیا، جس کے نتیجے میں کابل حملوں کا ماسٹر مائنڈ مارا گیا، ڈرون حملے میں کسی شہری کی ہلاکت کی تصدیق نہیں ہوئی۔

دوسری جانب امریکی حکام نے خبردار کیا ہے افغانستان سے انخلاء کے عمل کے دوران داعش کی جانب سے مزید حملوں کا خطرہ موجود ہے، اس لئے عوام کابل ایئرپورٹ کے باہر جمع نہ ہوں، جب کہ امریکی شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ حامد کرزئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے مشرقی ، شمالی دروازوں سے دور رہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز کابل ایئرپورٹ کے باہر خود کش حملوں کے نتیجے میں 13 امریکی شہریوں سمیت 170 افراد ہلاک جب کہ 150 سے زائد زخمی ہوگئے تھے، زخمیوں میں 15 امریکی فوجی بھی شامل تھے۔ کابل میں موجود امریکی فورسز اور طالبان کے درمیان ایئرپورٹ کی سیکورٹی یقینی بنانے کے رابطے جاری ہیں۔

Comments are closed.