پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور کا کالا باغ ڈیم سے متعلق بیان ان کی ذاتی رائے ہو سکتی ہے، یہ پاکستان تحریک انصاف کی پارٹی پالیسی نہیں ہے۔ وہ راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔
کالا باغ ڈیم پر پی ٹی آئی کا مؤقف
سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ کالا باغ ڈیم پر پارٹی کی پالیسی بالکل واضح ہے۔ سندھ اور خیبر پختونخوا کو اس منصوبے پر تحفظات ہیں، لہٰذا جب تک تمام صوبے متفق نہ ہوں اور سیاسی ہم آہنگی نہ ہو، ایسا منصوبہ وفاق کے لیے مفید اور قابل عمل نہیں ہو سکتا۔
صدارتی نظام کی تردید
انہوں نے کہا کہ صدارتی نظام پارٹی پالیسی ہرگز نہیں ہے۔ اگر وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے اس حوالے سے کوئی بیان دیا ہے تو وہ ان سے براہِ راست وضاحت طلب کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ پارلیمان فارم 47 کی پیداوار ہے، اس سے آئینی ترمیم نہیں ہو سکتی اور نہ ہی پارلیمانی نظام کو ختم کر کے صدارتی نظام رائج کیا جا سکتا ہے۔
جعلی مقدمات اور سیاسی دباؤ
پی ٹی آئی سیکرٹری جنرل نے کہا کہ ہمارے خلاف جھوٹے اور جعلی مقدمات درج ہیں، لیکن ان پر سماعت ہی نہیں ہوتی۔ ان مقدمات کا مقصد صرف سیاسی دباؤ ڈالنا ہے۔
عمران خان کا پیغام اور سیلاب متاثرین کی مدد
سلمان اکرم راجہ نے مزید بتایا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ہدایت پر لاہور میں ایم این ایز اور ایم پی ایز کی میٹنگ بلائی گئی تھی، جس میں پیغام دیا گیا کہ اپنے وسائل سے سیلاب متاثرین کی مدد کریں۔ انہوں نے کہا کہ وہ خود سیالکوٹ سمبڑیال گئے اور جہاں جہاں ممکن ہو کارکن متاثرین کی مدد کر رہے ہیں۔ پی ٹی آئی کے رضاکار ہر جگہ موجود ہیں اور بھرپور کوشش کر رہے ہیں کہ متاثرین کو ریلیف پہنچایا جائے۔
Comments are closed.