بلدیاتی انتخابات کے مکمل نتائج:کراچی،حیدرآباد میں پیپلزپارٹی جیت گئی

کراچی ڈویژن کی تمام 235 یونین کونسلز کے نتائج کے مطابق پیپلزپارٹی 93، جماعت اسلامی 86 اور تحریک انصاف 40 یوسیز میں کامیاب،حیدر آباد سمیت اندرون سندھ میں بھی تیر چل گیا

الیکشن کمیشن نے کراچی میں بلدیاتی انتخابات کے مکمل نتائج جاری کردیئے۔
کراچی کی تمام 235 یونین کونسلزکے نتائج کے مطابق پیپلزپارٹی 93 یوسیز میں کامیابی کے بعد سرفہرست ہے ۔جبکہ جماعت اسلامی 86 یوسیز میں کامیابی کے بعد دوسرے نمبرپر ہے۔
تحریک انصاف کو کراچی ڈویژن میں 40 یوسیز پرکامیابی ملی ہے جبکہ مسلم لیگ ن نے7۔جمعیت علمائے اسلام نے 3 اور تحریک لبیک نے 2 نشستوں پرکامیابی حاصل کی ہے۔مہاجر قومی موومنٹ ایک یوسی پر اور آزاد امیدوار3 یوسیز پرکامیاب ہوئے ہیں۔
الیکشن کمیشن کے مطابق شہر کی 246 میں سے 235 یونین کمیٹیز میں انتخابات ہوئے جب کہ 11 نشستوں پر امیدواروں کے انتقال کی وجہ سے انتخابات ملتوی ہوئے۔
کراچی کے الیکشن کا سب سے بڑا اپ سیٹ ضلع جنوبی میں ہوا ہے،تحریک انصاف کراچی کے صدر اور کراچی سے رکن صوبائی اسمبلی خرم شیر زمان یوسی کا الیکشن ہار گئے ہیں۔خرم شیر زمان کو صدر ٹائون یوسی 11 سے پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے سید نجمی عالم کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے، نجمی عالم نے اس نشست پر دو ہزار 696 ووٹ حاصل کیے۔
کراچی کے 7 اضلاع میں بلدیاتی الیکشن کے بعد ووٹوں کی گنتی کے بعد بھی نتائج آنے میں غیر معمولی تاخیر ہوئی اور مکمل نتائج جاری ہونے میں 24 گھنٹے سے زائد لگ گئے۔
غیرحتمی اور غیرسرکاری نتائج کے مطابق حیدر آباد ڈویژن کی مجموعی طور پر 3101 نشستوں میں سے پیپلزپارٹی مجموعی طورپر 1034 نشستیں جیت کر سب سے آگے ہے۔حیدرآباد ڈویژن میں آزاد امیدوار 92 نشستیں لینے میں کامیاب رہے جب کہ تحریک انصاف 126 ، جماعت اسلامی 111 اور جی ڈی اے 15 نشستوں پر کامیاب ہوئی۔اس کے علاوہ حیدر آباد میں سندھ یونائیٹڈ پارٹی کے 8 اور جے یو آئی (ف) کے 11 امیدوار میدان مار چکے ہیں۔
ضلع حیدرآباد کی 160 یونین کونسلز میں سے 113کےنتائج آگئے ہیں۔ الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ ضلع حیدر آباد میں پیپلزپارٹی 73 یو سیز پرکامیاب ہوچکی ہے۔پیپلز پارٹی پہلے ہی 31 یو سیز پر بلامقابلہ منتخب ہوچکی تھی۔
تحریک انصاف 30 یو سیز پر کامیابی کے ساتھ دوسرے نمبرپر ہے جبکہ جماعت اسلامی اور تحریک لبیک پاکستان ایک ایک یو سی پرکامیاب ہوسکی ہیں۔حیدرآباد ضلع کی 8 یو سیز پرآزاد امیدوار کامیاب ہوئے ہیں۔حیدرآباد کی 6 یو سیز پر امیدواروں کے انتقال کی وجہ سے انتخابات ملتوی ہوئے ہیں جبکہ 42 یو سیز کے نتائج آنا باقی ہیں۔
پیپلز پارٹی نے دادو، مٹیاری، جام شورو، ٹنڈو الہ یار، ٹنڈو محمد خان، بدین، ٹھٹھہ اور سجاول کی ضلع کونسلوں میں برتری حاصل کر لی جب کہ ٹنڈو الہ یار میونسپل کمیٹی میں بھی میدان مار لیا۔میونسپل کمیٹی دادو، بول ہاری، مٹیاری، جوہی، کوٹری اور سیہون شریف میں بھی پیپلز پارٹی سب سے آگے ہے۔ میونسپل کمیٹی میہڑ میں لیاقت جتوئی کے حمایت یافتہ پی ٹی آئی کے امیدواروں نے برتری حاصل کر لی۔

Comments are closed.