پولیس نے مریم نواز اورکیپٹن (ر) صفدر کے خلاف مزار قائد کی بے حرمتی کا کیس جھوٹا قرار دے دیا

مانیٹرنگ ڈیسک

کراچی: مزار قائد بے حرمتی کیس کی سماعت سٹی کورٹ کراچی میں ہوئی جہاں پولیس نے استغاثہ کے اعتراضات دور کرکے حتمی چالان جمع کروادیا اور مقدمے سے املاک کو نقصان پہنچانے اور جان سے مارنے کی دھمکیوں کے الزامات خارج کردیے ہیں۔محکمہ پراسیکیوشن نے پولیس چالان سے اتفاق کرتے ہوئے چالان کو بی کلاس کردیا۔

تفتیشی افسر کی متعدد کوشش کے باوجود شکایت کنندہ وقاص احمد خان اپنا بیان ریکارڈ کرانے کے لیے حاضر نہیں ہوا۔چالان میں کہا گیا کہ ابتدائی تفتیش سے ظاہر ہوتا ہے کہ جس وقت مریم نواز اور ان کے شوہر کیپٹن (ر) صفدر مزار قائد پر حاضری کے لیے موجود تھے تب مدعی مزار قائد پر موجود نہیں تھا۔

استغاثہ نے اسکروٹنی نوٹ میں کہا کہ مزار قائد سیفٹی اینڈ مینٹیننس آرڈیننس ہمارے دائرے اختیار میں نہیں آتا، اگر ایس ایچ او چاہے تو مزار قائد آرڈیننس کیلئے براہ راست علیحدہ کیس داخل کرسکتا ہے۔پولیس نے تفتیش کے بعد مریم نواز اور کیپٹن (ر)صفدر کے خلاف مزار قائد کی بے حرمتی کا کیس جھوٹا قرار دے دیا۔

Comments are closed.