مقبوضہ کشمیر پر بھارتی فوج کے غیر قانونی قبضے کے خلاف دنیا بھر میں بسنے والے کشمیری آج یوم سیاہ منا رہے ہیں۔
27اکتوبر 1947 کو بھارت نے کشمیری عوام کی خواہشات کے برخلاف اپنی فوجیں کشمیر میں اتار کر غیر قانونی طورپر قبضہ کرلیا، جموں وکشمیر پر بھارت کے فوجی قبضے کی وجہ سے کشمیریوں کی مشکلات میں کئی گنا اضافہ ہو گیا۔
کشمیری ہر سال 27اکتوبر کو یوم سیاہ کے طورپر مناتے ہیں، کشمیری اس روز بھارت کو واضح پیغام دیتے ہیں کہ وہ کبھی بھی اپنے مادر وطن پر غاصبانہ قبضے کو قبول نہیں کریں گے، یہ دن اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل درآمد کی یاد دہانی کراتا ہے۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں شاہراہ دستور پر کشمیر پر بھارت کے غیر قانونی قبضے کے خلاف ریلی نکالی گئی، ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ، وفاقی وزیر برائے امور کشمیر امیر مقام، مشعال ملک سمیت شہریوں،سول سوسائٹی کے ارکان اورطلبا کی بڑی تعداد ریلی میں شریک ہوئی، ریلی کے شرکاء نے کشمیر کی آزادی کے حق میں اور بھارتی قبضے کے خلاف نعرے بازی کی۔
ادھر آزاد کشمیر مظفرآباد میں بھی یوم سیاہ کے موقع پر بینک سکوائر چھتر سے ریلی کا انعقاد کیا گیا، ریلی میں حکومتی وزیر دیوان چغتائی، حریت کانفرنس کے زعماء یوسف نسیم، چودھری شاہین و دیگر نے شرکت کی ، شرکاء نے گو انڈیا گو بیک کے نعرے لگائے اور اقوام متحدہ سے خطہ میں پائیدار امن کے قیام کا مطالبہ کیا۔
ریلی بینک سکوائر چھتر سے ہوتی ہوئی اقوام متحدہ کے مبصر مشن دفتر کے باہر اختتام پذیر ہوئی۔
اس کے علاوہ ملک بھر کے مختلف شہروں میں کشمیر پر بھارت کے غیر قانونی قبضے کے خلاف ریلیاں نکالی جا رہی ہیں۔
Comments are closed.