کینجھرجھیل میں کشتی الٹنے سے 4 خواتین سمیت9 افراد جاں بحق،متعدد لاپتہ

ٹھٹھہ: سندھ کے شہر ٹھٹھہ میں انتہائی افسوسناک حادثہ پیش آیا ہے، جہاں پر کینجھر جھیل میں سیاحوں سے بھری کشتی الٹنے سے چار خواتین سمیت 9 افراد ڈوب کر جاں بحق ہوگئے جب کہ 3 افراد کی حالت غیر ہے۔

کشتی الٹنے سے ڈوب کر مرنے والوں میں 21 سالہ عروج اور3 سگی بہنیں سعدیہ، شائزہ، علیشاہ بھی شامل ہیں۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق ڈوبنے والوں کا تعلق محمود آباد کراچی سے بتایا جاتا ہے جو سیر کیلئے جھیل پر آئے تھے۔

ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ کینجھر جھیل میں سیاحوں سے بھری کشتی تیز ہواؤں کے باعث الٹی، حادثے کی وجوہات میں کشتی کی لکڑی پرانی ہونے اور زیادہ سواری بٹھانا بھی شامل ہے، 4 خواتین سمیت 9 افراد ڈوب کر چل بسے، جب کہ 3 خواتین ماہین، رشیداں اور روبینہ کو بچا کر سول اسپتال مکلی منتقل کیا گیا، جہاں ان کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔ ڈوبنے والے مزید افراد کی تلاش جاری ہے۔

دوسری جانب کینچھر جھیل کشتی حادثے میں لاپتہ افراد کو بچانے کے لیے پاک بحریہ کی بھی معاونت حاصل کرلی گئی ہے۔ ترجمان پاک بحریہ  کا کہنا ہے کہ سول انتظامیہ کی درخواست پر پاک بحریہ کا سرچ اور ریسکیو آپریشن جاری ہے، پاک بحریہ کے غوطہ خور اور میڈیکل ٹیم  آپریشن میں حصہ لے رہے ہیں۔

Comments are closed.