راولپنڈی: اڈیالہ جیل میں قید بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نے پارٹی کے تنظیمی ڈھانچے میں اہم تبدیلی کرتے ہوئے پنجاب میں تنظیمی معاملات کا مکمل اختیار عالیہ حمزہ کو دے دیا۔
ذرائع کے مطابق، عمران خان نے پارٹی رہنماؤں کو واضح ہدایت دی ہے کہ عالیہ حمزہ کو تنظیمی فیصلے کرنے کا مکمل اختیار ہوگا۔ وہ کسی بھی عہدیدار کو معطل کرنے یا کسی کو نئی ذمہ داری سونپنے کا فیصلہ کر سکتی ہیں۔ عمران خان نے اس موقع پر عالیہ حمزہ پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا اور ہدایت دی کہ اس حوالے سے باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کیا جائے۔
احسان طور کی تعیناتی کی حمایت
دوسری جانب، عمران خان نے خالد خورشید کی جانب سے احسان طور کی تعیناتی کی بھی حمایت کی۔ ذرائع کے مطابق، وکلاء رہنما جو بانی پی ٹی آئی کی ہدایات پہنچانے کے لیے آئے تھے، وہ عالیہ حمزہ کو تلاش کرتے رہے تاکہ ان تک ہدایات پہنچائی جا سکیں۔
یہ فیصلہ پارٹی کے تنظیمی ڈھانچے میں ایک بڑی تبدیلی کے طور پر دیکھا جا رہا ہے، جس سے عالیہ حمزہ کو پنجاب میں پی ٹی آئی کے تنظیمی معاملات پر مکمل کنٹرول مل جائے گا۔
Comments are closed.