اسلام آباد: وزارت سمندرپار پاکستانیز کی جانب سے ایک اور بڑا اقدام سامنے آیا ہے، معاون خصوصی سید ذوالفقار عباس بخاری کی کوششوں سے دس سال بعد پاکستانی ہیلتھ کیئر پروفیشنلز کی خلیجی ممالک میں روانگی کا سلسلہ شروع ہو گیا۔
وزارت سمندر پار پاکستانیز کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پہلے مرحلے میں 226 پاکستانی ہیلتھ کیئر پروفیشنلز 22 اکتوبر کو کویت روانہ ہو رہے ہیں، کویت جانے والوں کے ایک نمائندہ وفد نے اسلام آباد میں وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سمندر پارپاکستانیز اور اسلام آباد میں کویت کے سفیر عبدالرحمان سے ملاقات کی۔
اس موقع پر زلفی بخاری کا کہنا تھا کہ کویت روانہ ہونے والوں میں 226 ڈاکٹرز، پیرامیڈکس اور نرسز شامل ہوں گی،دوسرے مرحلے میں مزید 200 مزید افراد کویت جائیں گے، کویتی حکومت ایک ہزارسے زائد پاکستانی ہیلتھ پروفیشنلز کو روزگار فراہم کرے گی۔
معاون خصوصی برائے سمندر پاکستانیز نے کہا کہ کویت کے لئے پاکستانی افرادی قوت بھجوانے کا عمل بحال ہونا ایک تاریخی لمحہ ہے، دس برسوں میں کوئی بھی ہنر مند فرد خلیجی ممالک نہیں بھیجا گیا، زلفی بخاری نے ڈاکٹرز، پیرا میڈیکس اور نرسز سے ویڈیو لنک خطاب میں کہا کہ آپ اپنی ذمہ داریوں کو پوری طرح سے سرانجام دے کر ملک کے سفیروں کی حیثیت سے کام کریں۔
اپنی بات جاری رکھتے ہوئے معاون خصوصی نے ہیلتھ کیئر پروفیشنلز کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ کویت میں ملازمت کے خواہشمند دوسرے پاکستانیوں کے لیے راہ ہموار کریں گے، خلیج تعاون کونسل کے رکن ممالک کو ہنرمند افرادی قوت برآمد کرنا ہماری اولین ترجیح ہے۔

اس موقع پر پاکستان میں کویت کے سفیر عبدالرحمان کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کے مشکل وقت میں کویت کو ہیلتھ کیئر پروفیشنلز فراہم کرنے پر حکومت پاکستان کے شکر گزار ہیں، کویت میں قیام کے دوران تمام پاکستانی ہنر مند افراد کو مکمل سہولیات فراہم کی جائیں گے۔
Comments are closed.