اسلام آباد پولیس کی اہلکارسمیت 20 خواتین کی عصمت دری کرنے والا ملزم گرفتار

اسلام آباد میں لیڈی پولیس اہلکار سمیت 20 سے زائد خواتین کو جنسی ہوس کا نشانہ بنانے والا درندہ قانون کی گرفت میں آ گیا۔

وفاقی پولیس کے ایس پی رورل زون رانا عبدالوہاب نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ تھانہ کورال پولیس نے 20 سے زائد خواتین کے ساتھ جنسی زیادتی اور راہزنی کی وارداتیں کرنے والے ملزم احمد کو گرفتار کر لیا ہے، آزاد کشمیر کے رہائشی سفاک ملزم نے ابتدائی تفتیش میں اپنے مکروہ جرائم کا اعتراف کیا۔

ایس پی رانا عبدالوہاب نے مزید بتایا کہ ملزم دن کے وقت جھاڑیوں میں چھپ کر اکیلی خاتون کی تاک میں رہتا تھا، کسی اکیلی خاتون کو دیکھ کر زبردستی جنگل میں لے جاکر زیادتی کرتا اور قیمتی اشیاء چھیننے کے بعد فرار ہو جاتا، ملزم خواتین کو بے ہوش کرنے کے لئے بے ہوشی کی دوا (کلوروفارم) کا استعمال کرتا تھا، ملزم کے قبضہ سے وارداتوں کے دوران چھینے گئے موبائلز فون و قیمتی اشیاء برآمد کر لئے گئے ہیں۔

ڈی ایس پی رخسار مہدی کی سربراہی میں ایس ایچ او کورال اور ان کی ٹیم نے ملزم کو جدید تکنیکی بنیادوں پر گرفتار کیا، درج شدہ مقدمات میں مزید تفتیش شروع کردی، ڈی ائی جی آپریشنز اور ایس ایس پی آپریشنز نے پولیس ٹیم کو شاباش کے ساتھ تعریفی سرٹیفیکیٹ دینے کا اعلان کیا۔

Comments are closed.