فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون نے اسرائیل اور لبنان کی عسکری تنظیم حزب اللہ کے درمیان بڑھتی کشیدگی پر کہا ہے کہ تناؤ میں اضافہ کسی کے مفاد میں نہیں ہے۔ لبنان کی سلامتی، تحفظ اور خودمختاری کا احترام کرنا چاہیے۔
فرانسیسی صدر نے لبنانی عوام کے نام ایک ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ لبنان ایک عنقریب دکھائی دینے والی جنگ کے خوف میں زندہ نہیں رہ سکتا اور وہ واضح کردینا چاہتے ہیں کہ ہمیں کسی بھی نامناسب اقدام کی نفی کرنی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ کسی بھی علاقائی مہم جوئی، ذاتی مفاد یا کسی قسم کے جھکاؤ کو لبنان میں کشیدگی کا باعث نہیں بننا چاہیے۔
صدر میکرون نے لبنانی عوام سے کہا کہ انہوں نے آپ کے رہنماؤں سمیت اسرائیل سے ایران تک اس تنازع کے اہم کرداروں سے بات کی ہے اور انہیں آگاہ کر دیا ہے کہ وہ جنگ سے اجتناب کریں۔
فرانسیسی صدر کے مطابق تنازع کے حل کے لیے سفارتی راستہ موجود ہے اور یہ لبنانی قیادت پر منحصر ہے کہ وہ اس راستے پر چلیں کیوں کہ فرانس اور اس کے اتحادی چاہتے ہیں کہ مسئلے کے حل کے لیے سفارتی راستہ ہی اختیار کیا جائے۔
خبر رساں ادارے ‘رائٹرز’ کے مطابق صدر میکرون نے لبنان کی سیاسی و فوجی قیادت سمیت اسرائیلی وزیرِ اعظم بن یامین نیتن یاہو سے فون پر رابطہ کیا ہے اور انہیں تحمل کا مظاہرہ کرنے پر زور دیا ہے۔
میکرون نے لبنانی قیادت کو کہا کہ وہ مقامی عسکری گروپ حزب اللہ کو پیغام دیں کہ وہ کشیدگی سے اجتناب کرے۔
ویڈیو پیغام میں صدر میکرون نے لبنانی عوام سے کہا کہ انہیں اندازہ ہے کہ کنفیوژن اور غم موجود ہے اور ان حالات میں فرانس آپ کی طرف کھڑا ہے۔
Comments are closed.