پی ٹی آئی لانگ مارچ۔۔۔وفاق اور پنجاب کی اہم شاہراہیں مکمل بند

  اسلام آباد: حکومت نے ہر حال میں تحریک انصاف کالانگ مارچ روکنے کا فیصلہ کرلیا۔ وفاق اور پنجاب کی اہم شاہراہیں مکمل بند دی گئی ہیں۔راولپنڈی ، اسلام آباد میں رینجرز تعینات ،ریڈ زون مکمل طور پر سیل، جڑواں شہروں میں اسکول بھی بند رہیں گے ۔

 تحریک انصاف کا لانگ مارچ روکنے کیلئے حکومت نے بڑے فیصلے کرلیے ۔وفاق اور پنجاب کی اہم شاہراہیں مکمل بند جبکہ راولپنڈی ، اسلام آباد میں رینجرز تعینات کر دی گئی۔اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ جبکہ اسکول بند کرکے امتحانات بھی منسوخ کر دئیے گئے۔اسلام آباد میں 22 ہزار سکیورٹی اہلکار تعینات ہوں گے ،وزارت داخلہ میں کنٹرول روم بھی قائم کر دیا گیا۔

 ایکسپریس وے، بنی گالہ، ترنول، جی نائن، فیض آباد، ٹیکسلا، ڈھوکری چوک سمیت اسلام آباد آنے والے داخلی راستوں کو بند کر دیا گیاہے ،ریڈ زون میں نادرا چوک، ڈی چوک اور ڈپلومیٹک انکلیو جانے والے تین راستوں کو بھی سیل کردیا گیا جبکہ ریڈ زون کی سکیورٹی بدستور پاک فوج کے سپرد رہے گی ۔

آزادی مارچ سے نمٹنے کے لیے پنجاب کانسٹیبلری کے 8 ہزار اور اینٹی رائٹس فورس اور سندھ پولیس کے 2، 2 ہزار اہلکارطلب کیے گئے ہیں جبکہ 500خواتین اہلکار بھی سیکورٹی کے فرائض انجام دیں گی۔ رینجرز کے 4 ہزار اہلکار بھی وفاقی دارالحکومت میں تعینات کیے جائیں گے۔صوبوں سے قیدیوں کی 100 گاڑیاں اورآنسو گیس کے 15 ہزار شیل بھی مانگ لیے گئے ہیں۔اسلام آباد کیلئے رینجرز کے 2 اور راولپنڈی کیلئے ایک ونگ تعینات ہوگا۔انتظامیہ نے جڑواں شہروں کے تمام بس اڈے بھی سیل کردئیے جبکہ میٹرو بس سروس بھی معطل رہے گی ۔

Comments are closed.