لاس اینجلس: نجی کالج میں فائرنگ، دو خواتین زخمی – مشتبہ سابق ملازم گرفتار
 
						
													لاس اینجلس: امریکی ریاست کیلیفورنیا کے شہر انگل ووڈ میں ایک نجی کالج کے کیمپس میں فائرنگ کے واقعے نے خوف و ہراس پھیلا دیا۔ جمعہ کے روز پیش آنے والے اس واقعے میں ایک مسلح شخص نے دو خواتین کو فائرنگ کر کے زخمی کر دیا۔
انگل ووڈ کے میئر جیمز بٹس نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ زخمی ہونے والی ایک خاتون کی حالت تشویشناک ہے، جبکہ دوسری کی حالت اب مستحکم بتائی جا رہی ہے۔
میئر کے مطابق مشتبہ شخص ممکنہ طور پر کالج کا سابق ملازم تھا، جس نے حملے کے وقت سکیورٹی گارڈ سے مشابہہ یونیفارم پہن رکھا تھا۔
مقامی ٹی وی اسٹیشن “KTLA” کی رپورٹ کے مطابق پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے مشتبہ شخص کو حراست میں لے لیا۔
قانون نافذ کرنے والے اداروں نے واقعے کے بعد فوری طور پر کالج کے کیمپس کو تحویل میں لے لیا اور مکمل تفتیش شروع کر دی گئی۔ میئر نے تصدیق کی ہے کہ واقعے میں مزید کوئی فرد متاثر نہیں ہوا اور صورتحال اب قابو میں ہے۔
پولیس کی جانب سے مشتبہ شخص کی شناخت اور حملے کی ممکنہ وجوہات سے متعلق مزید معلومات جلد جاری کیے جانے کا امکان ہے۔
 
			
Comments are closed.