پاکستان کا 78 واں یومِ آزادی ملک بھر میں انتہائی جوش و خروش اور قومی جذبے کے ساتھ منایا گیا۔ دن کے آغاز پر وفاقی دارالحکومت سمیت چاروں صوبائی دارالحکومتوں میں توپوں کی سلامی دی گئی، جبکہ نمازِ فجر کے اجتماعات میں ملک کی ترقی، یکجہتی، امن اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔
مزارِ قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی تقریب
کراچی میں بانیِ پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے مزار پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب منعقد ہوئی۔ پاکستان نیول اکیڈمی کے چاق و چوبند 91 کیڈٹس نے اعزازی فرائض سنبھالے۔ یہ گارڈز دو دستوں پر مشتمل تھے، جن میں ایک دستہ پاک بحریہ کے سیلرز اور دوسرا پاکستان نیوی کے کیڈٹس پر مشتمل تھا، جبکہ چار خواتین کیڈٹس بھی اس گارڈ کا حصہ تھیں۔ تقریب کے بعد مہمانِ خصوصی کموڈور تصور اقبال نے فاتحہ خوانی کی اور مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات قلم بند کیے۔
مزارِ اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی تقریب
لاہور میں شاعرِ مشرق علامہ محمد اقبال کے مزار پر بھی گارڈز کی تبدیلی کی شاندار تقریب منعقد ہوئی۔ اس موقع پر پنجاب رینجرز کے چاق و چوبند دستے نے پاکستان آرمی کے دستے کو چارج سونپا۔ تقریب میں موجود مہمانوں نے مزار پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی۔
قومی یکجہتی اور قربانیوں کو یاد کرنے کا دن
یومِ آزادی کے یہ پروقار لمحات نہ صرف آزادی کی خوشی منانے کا ذریعہ ہیں بلکہ بانیانِ پاکستان کی قربانیوں اور جدوجہد کو یاد کرنے کا موقع بھی فراہم کرتے ہیں۔ ملک کے مختلف شہروں میں پرچم کشائی، ملی نغمے اور یکجہتی کے مظاہرے اس عزم کی تجدید ہیں کہ پاکستان کے استحکام اور ترقی کے لیے ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔
Comments are closed.