سکیورٹی فورسز کی بڑی کارروائی، بھارتی حمایت یافتہ فتنہ الخوارج کے 34 دہشت گرد ہلاک

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے بتایا ہے کہ سکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں انٹیلی جنس اطلاعات کی بنیاد پر کارروائیاں کرتے ہوئے بھارتی حمایت یافتہ فتنہ الخوارج کے 34 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا ہے۔ یہ کارروائیاں 13 سے 15 اکتوبر کے دوران کی گئیں۔

شمالی وزیرستان میں شدید جھڑپ
آئی ایس پی آر کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے سپن وارم میں آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا شدید تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں 18 خوارجی دہشت گرد ہلاک ہوئے۔ علاقے میں سرچ آپریشن کے دوران اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کر لیا گیا۔

جنوبی وزیرستان اور بنوں میں کامیاب کارروائیاں
رپورٹ کے مطابق جنوبی وزیرستان میں خفیہ معلومات پر کی گئی کارروائی میں 8 خوارجی دہشت گرد مارے گئے۔ اسی طرح بنوں میں ہونے والی تیسری کارروائی کے دوران سکیورٹی فورسز نے مزید 8 دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا۔

عزمِ استحکام کے تحت انسداد دہشت گردی آپریشن جاری
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ یہ کارروائیاں آپریشن عزمِ استحکام کے تحت جاری انسدادِ دہشت گردی مہم کا حصہ ہیں۔ ان کارروائیوں کا مقصد بھارتی حمایت یافتہ دہشت گرد نیٹ ورکس اور ان کے سہولت کاروں کا مکمل خاتمہ ہے۔

دہشت گردی کے مکمل خاتمے کا عزم
آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔ فوج کا کہنا ہے کہ ملک دشمن عناصر اور ان کے غیر ملکی سرپرستوں کو کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔

Comments are closed.