خیبرپختونخوا کے ضلع اورکزئی میں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے 19 بھارتی حمایت یافتہ دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق یہ دہشتگرد گروہ بھارت کی پراکسی کے طور پر پاکستان میں دہشتگردی کی کارروائیوں میں ملوث تھا۔
شدید فائرنگ کے تبادلے میں 11 جوانوں کی شہادت
آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن کے دوران دہشتگردوں کی جانب سے شدید فائرنگ کی گئی، جس کے نتیجے میں لیفٹیننٹ کرنل جنید عارف اور میجر طیّب راحت سمیت 11 بہادر سپوت وطن پر قربان ہو گئے۔ شہداء میں نائب صوبیدار اعظم گل، نائیک عدیل حسین، نائیک گل امیر، لانس نائیک شیر خان، لانس نائیک طالش فراز، لانس نائیک ارشاد حسین، سپاہی طفیل خان، سپاہی عاقب علی اور سپاہی محمد زاہد شامل ہیں۔
دہشتگردوں کا نیٹ ورک تباہ، اسلحہ اور مواصلاتی آلات برآمد
آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن کے دوران دہشتگردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور مواصلاتی آلات بھی برآمد کیے گئے ہیں۔ سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر مزید دہشتگردوں کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن جاری رکھا ہوا ہے۔
بھارتی حمایت یافتہ دہشتگردی کے خاتمے کا عزم
ترجمان پاک فوج نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز ملک میں بھارتی حمایت یافتہ دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق شہداء کی قربانیاں پاکستان میں امن و استحکام کی مضبوط بنیاد ہیں اور پوری قوم اپنے شہداء کی قربانیوں پر فخر کرتی ہے۔
قومی سلامتی کے دفاع کا تسلسل
ذرائع کے مطابق حالیہ کارروائی ملک میں جاری انسدادِ دہشتگردی آپریشنز کا حصہ ہے، جن کا مقصد دشمن کے نیٹ ورکس کو ختم کرنا اور پاکستان کو اندرونی و بیرونی خطرات سے محفوظ بنانا ہے۔
Comments are closed.