بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کی بڑی کامیابی، فتنہ الہند کے 18 دہشت گرد ہلاک

بلوچستان کے علاقوں چلتن اور کیچ میں سکیورٹی فورسز نے دو الگ الگ کارروائیوں میں بھارتی حمایت یافتہ تنظیم فتنہ الہندوستان کے 18 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔ آپریشنز کے دوران دہشت گردوں سے بھاری اسلحہ اور بارودی مواد بھی برآمد ہوا۔

چلتن کے پہاڑی علاقے میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سکیورٹی فورسز کو ضلع کوئٹہ کے علاقے چلتن میں دہشت گردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع ملی، جس پر فورسز نے فوری طور پر آپریشن شروع کیا۔ فائرنگ کے شدید تبادلے میں 14 دہشت گرد مارے گئے۔
رپورٹ کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشت گرد فتنہ الہندوستان گروپ سے تعلق رکھتے تھے، جو بلوچستان میں دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں میں ملوث تھے۔

کیچ میں دوسرا آپریشن، 4 دہشت گرد جہنم واصل
آئی ایس پی آر کے مطابق دوسرا آپریشن ضلع کیچ کے علاقے بلیدہ میں کیا گیا، جہاں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر دہشت گردوں کے ٹھکانے کو نشانہ بنایا گیا۔ اس کارروائی میں 4 مزید بھارتی حمایت یافتہ دہشت گرد ہلاک ہوئے۔
کارروائی کے دوران دہشت گردوں سے اسلحہ، گولیاں، بارودی مواد اور مواصلاتی آلات برآمد کیے گئے، جو ملک دشمن سرگرمیوں میں استعمال ہو رہے تھے۔

دہشت گردی کے خاتمے کے لیے آپریشنز جاری رہیں گے
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ انسداد دہشت گردی کے تحت سرچ آپریشنز ملک بھر میں جاری ہیں اور یہ کارروائیاں آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جاری رہیں گی۔
ترجمان نے کہا کہ پاکستان کی سکیورٹی فورسز قومی ایکشن پلان کے تحت عزمِ استحکام کے وژن پر عمل پیرا ہیں تاکہ بیرونی حمایت یافتہ دہشت گردی کے نیٹ ورک کو جڑ سے اکھاڑ پھینکا جا سکے۔

قومی عزم اور قربانیوں کا تسلسل
بیان میں مزید کہا گیا کہ سکیورٹی فورسز، قانون نافذ کرنے والے ادارے اور عوام دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔ ان کارروائیوں سے یہ واضح ہوتا ہے کہ پاکستان اپنی سرزمین پر کسی بھی بیرونی مداخلت یا دہشت گردی کو برداشت نہیں کرے گا۔

Comments are closed.