فضل الرحمان سے مریم نواز کی ملاقات، لانگ مارچ کا پہلا پڑاو فیض آباد ہوسکتا ہے ؟

اسلام آباد:پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے مریم نواز کی اہم ملاقات ہوئی ہے ،لانگ مارچ کے طریقہ کار اور دورانیے پر گفتگو کی گئی۔ فیصلہ کیا گیاکہ لانگ مارچ سے متعلق تمام تجاویز کا اسٹیرنگ کمیٹی میں جائزہ لیکر حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔ ۔

ذرائع کے مطابق مولانا فضل الرحمان کے گھر پر ہونے والی ملاقات میں لانگ مارچ اسلام آباد پہنچنے کے بعد پہلا پڑاو فیض آباد میں ڈالنے کی تجویز سامنے آئی ہے ۔ملاقات میں دونوں رہنماوں نے سینیٹ الیکشن میں مشترکہ امیدواروں کی کامیابی یقینی بنانے کی حکمت عملی پر بھی بات چیت کی ۔ تحریک عدم اعتماد پہلے پنجاب میں لائی جائے یا بلوچستان میں، پیپلز پارٹی کی تجاویز پر بھی غور کیا گیا ۔

ذرائع کے مطابق مریم نواز نے کہاکہ تحریک عدم اعتماد کا آپشن مسترد نہیں کیا ،سینیٹ الیکشن میں سب پتہ چل جائے گا کون کس کے ساتھ کھڑا ہے۔ ملاقات میں فیصلہ کیا گیاکہ آرڈیننس سمیت سینیٹ الیکشن شو آف ہینڈ سے کروانے کے کسی بھی حکومتی اقدام کی سخت مخالفت کی جائے گی ۔ فضل الرحمان نے کہاکہ اس معاملے پر عدالت بھی جانا پڑا تو جائیں گے۔

Comments are closed.