پاکستان بھر میں 21 رمضان ،یوم شہادت حضرت علی کرم اللہ وجہہ عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے۔
یوم علی کرم اللہ وجہہ کی مناسبت سے ملک بھر میں مجالس برپا کی جائیں گی اور جلوس نکالے جائیں گے۔
لاہور میں یوم حضرت علی کرم اللہ وجہہ کا مرکزی جلوس مبارک حویلی سے برآمد ہوا جو اپنے روایتی راستوں سے ہوتا ہوا کربلا گامے شاہ پر اختتام پذیر ہو گا، اس حوالے سے سکیورٹی سمیت دیگر انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں۔
جلوس کے شرکا کی سکیورٹی تین درجات میں کی جارہی ہے، شرکا کو واک تھرو گیٹس، میٹل ڈیٹیکٹرز سے جلوس میں شامل ہونے کی اجازت دی جارہی ہے، سی سی ٹی وی کیمروں سے تمام راستوں کی مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔
مرکزی جلوس میں شرکت کرنے والے عزاداروں کی گاڑیوں کیلئے 08 پارکنگ پوائنٹس بنائے گئے ہیں۔
ماتمی جلوس کے گرد و پیش میں ٹریفک کو کنٹرول کرنے کے لئے چارڈی ایس پیز، 118 انسپکٹرز اور 696 وارڈنز ڈیوٹی پر موجود ہوں گے جبکہ10 فوک لفٹرز اور 02 بریک ڈاؤن بھی موقع پر موجود ہوں گے۔
کراچی میں یوم حضرت علی کرم اللہ وجہہ کا جلوس دوپہر ایک بجے برآمد ہوگا، جلوس کی گزرگاہوں کو کنٹینر رکھ کر بند کر دیا گیا ہے، جلوس ایم اے جناح روڈ، ریگل چوک، پریڈی سٹریٹ سے گزر کر شام 7 بجے حسینیہ ایرانیاں کھارادر پر اختتام پذیر ہوگا۔
اسلام آباد میں گزشتہ شب یوم شہادت حضرت علی کرم اللہ وجہہ کا مرکزی جلوس امام بارگاہ زینبیہ سے برآمد ہو کر اپنے روایتی راستوں سے ہوتا ہوا امام بارگاہ اثنا عشری پہنچ کر اختتام پذیر ہوا جبکہ راولپنڈی اور پشاور میں بھی یوم علی کرم اللہ وجہہ کے جلوس ختم ہو گئے۔
Comments are closed.