وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے گجرات میں سیلابی پانی کے نکاس کے عمل میں نمایاں بہتری پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اللہ کے فضل و کرم سے گجرات شہر میں پانی کی سطح تیزی سے کم ہو رہی ہے اور صورتحال بہتر کی جانب گامزن ہے۔
پانی کی سطح میں نمایاں کمی
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ صرف ایک دن میں پانی کی سطح میں دو فٹ کمی آنا آپریشن کی کامیابی کی واضح علامت ہے۔ انہوں نے فوارہ چوک کے کلیئر ہونے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شہری جلد اس آزمائش سے نجات پائیں گے۔
ٹیم کی کارکردگی پر شاباش
مریم نواز شریف نے سیلابی پانی کے نکاس کے عمل میں حصہ لینے والے تمام افسران، متعلقہ سیکرٹریز اور عملے کی کاوشوں کو سراہا اور ٹیم کو شاباش دی۔ انہوں نے کہا کہ یہ ٹیم ورک ہی ہے جس کی بدولت صورتحال بہتر ہو رہی ہے۔
لورائی میں حفاظتی اقدامات
بریفنگ میں وزیراعلیٰ کو بتایا گیا کہ سیلابی پانی کے بہاؤ کو موڑنے کے لیے لورائی کے مقام پر مسلسل کام جاری ہے۔ مزید بارش یا پانی کے دباؤ میں اضافے کی صورت میں لورائی کو محفوظ بنانے کے لیے مناسب افرادی قوت اور ضروری سامان فراہم کر دیا گیا ہے۔
ڈرون ٹیکنالوجی اور مستقبل کی منصوبہ بندی
بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ ڈرون کیمروں کے ذریعے پانی کے بہاؤ میں رکاوٹ بننے والے مقامات کی نشاندہی مکمل کر لی گئی ہے۔ محکمہ آبپاشی کے ماہرین تحقیقی مطالعہ بھی کر رہے ہیں جسے مستقبل کی منصوبہ بندی میں شامل کیا جائے گا تاکہ سروس ڈلیوری کے معیار کو بہتر بنایا جا سکے۔
واسا کا ادارہ گجرات میں فعال
مزید کہا گیا کہ واسا کے باقاعدہ ادارہ بننے سے گجرات میں نکاسی آب، سیوریج اور صفائی ستھرائی کے مسائل کو مستقل بنیادوں پر حل کیا جا سکے گا۔
Comments are closed.