سکردو: پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ حکومت بنانے یا گرانے کا اختیار کسی ادارے یا شخص کو نہیں بلکہ صرف عوام کو ہے،پاک فوج کی جگہ سرحدوں پر ہے پولنگ اسٹیشنز پر نہیں، اب ووٹ چوری کی کوشش کی گئی تو حکمرانوں کا تماشا پوری دنیا دیکھے گی۔
اسکردو میں عوامی اجتماع سے خطاب کے دوران مریم نواز نے کہا کہ وہ عوام کی آواز بن کر وہاں آئی ہیں ، آپ کا ہر مسئلہ حل کرنے کی کوشش کروں گی، پاکستان کی سیاست اب بدل گئی، عوام کے نمائندے مار کھاتے ہیں لیکن خدمت سے پیچھے نہیں ہٹتے، ووٹ کا حق صرف ان کا ہے جو لوگ پارٹی کے ساتھ کھڑے رہے۔
سابق وزیراعظم کی صاحبزادی مریم نواز نے کہا کہ ایک جعلی وزیراعظم گلگت بلتستان کو صوبائی درجہ دینے کا اعلان کرکے چلے گئے، گلگت بلتستان پر جب میٹنگ ہورہی تھی وزیراعظم ساتھ والے کمرے میں بیٹھے تھے،یہ جعلی وزیراعظم پہلے بھی جھوٹے وعدے کرتا آیا ہے،کیا 50 لاکھ گھربنانے کا وعدہ پورا ہوا یا 9 دن میں ملک ٹھیک ہوا؟
اپنی بات جاری رکھتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ لوگ پریشان اور حکومت سے تنگ آچکے ہیں، جعلی وزیراعظم کو یہ نہیں معلوم کہ عوام کس طرح بھوک سے مررہے ہیں۔ عمران خان نوکری کر رہے ہیں، اس کو اپنے حق کا بھی نہیں پتا، جو انسان اپنی عزت کی پرواہ نہیں کرتا وہ آپ کی عزت کا کیا خیال کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ منہ پرہاتھ پھیرنے والوں کی پریشانی بلاوجہ نہیں ہے، عمران خان جانے والے ہیں، ان کو گھر بھیجنا ہوگا، گلگت بلتستان سے موجودہ حکومت کا صفایا کرنا ہے، ووٹ چوروں کے آگے سر نہیں جھکائیں گے، اب ووٹ چوری کی کوشش کی گئی تو حکمرانوں کا تماشا پوری دنیا دیکھے گی۔
مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر نے کہا کہ پاکستانی مسلح افواج کی دل سے قدر کرتے ہیں، پاک فوج کی جگہ سرحدوں پر ہے پولنگ اسٹیشنوں پر نہیں، حکومت کون بنائے یا گرائے گا اس کا اختیار کسی ادارے یا شخص کو نہیں صرف عوام کو ہے۔
خیال رہے کہ مریم نواز گلگت بلتستان کی قانون ساز اسمبلی کے الیکشن کے لئے انتخابی مہم پر آج سکردو پہنچی ہیں، کیپٹن (ر) صفدر، سینئرپارٹی رہنما پرویزرشید، نہال ہاشمی اورمریم اورنگزیب بھی ان کے ہمراہ ہیں، مریم نواز 7 روزہ الیکشن مہم کے دوران گلگت بلتستان کے مختلف اضلاع میں انتخابی جلسوں اور پارٹی میٹنگز میں دیگر پارٹی رہنماؤں کے ہمراہ شرکت کریں گی۔
Comments are closed.