پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ پنجاب کے بارے میں کہا جاتا تھا کہ ظلم کے خلاف کھڑا نہیں ہوتا آج اسٹبلشمنٹ، سلیکٹرز اور سلیکٹڈ دیکھ رہا ہے کہ پنجاب کے عوام اپنے حقوق چھیننے کے لئے کھڑے ہوگئے ہیں۔
پی ڈی ایم کے بہاولپور میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم کی صاحبزادی مریم نواز نے کہا کہ جعلی، ناجائز اور نااہل وزیراعظم کو گھر بھیجا جائے، جہاں جاتی ہوں لوگ کہتے ہیں مہنگائی نے بیڑا غرق کردیا،، غریبوں کی جھونپڑیوں کو گرانے لیکن بنی گالہ کے محل کو ریگولرائز کرنے کو تبدیلی کہتے ہیں اور کیا لاقانونیت کو تبدیلی کہتے ہیں؟ ادویات، بجلی، گیس، آٹا اور چینی مہنگا کرنا تبدیلی ہے، مافیا کو کھلی چھوٹ اورکشمیر فروشی کو تبدیلی کہتے ہیں؟
انہوں نے کہا کہ دوسرے صوبے کہتے ہیں جب تک پنجاب کھڑا نہیں ہوگا ملک میں تبدیلی نہیں آئے گی، پنجاب اپنا حق واپس لینے کے لیے پوری طرح تیار ہے، عوام بتائیں کیا وہ اپنا حقوق چھیننے کے لیے تیار ہیں؟ کیوں کہ پنجاب کے اٹھنے پرمخالفین کی ٹانگیں کانپنے لگتی ہیں،آپ کے حق پر ووٹ کی شکل میں جو ڈاکا ڈالا تھا۔
مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر نے کہا کہ اسٹبلشمنٹ، سلیکٹرز اور سلیکٹڈ بھی دیکھ رہا ہے کہ پنجاب کے عوام کھڑے ہوگئے ہیں، عوام اپنا حصہ، اپنا حق چھیننے کے لیے تیار ہیں، ووٹ پر سلیکٹرز نے ڈاکا ڈالا تھا اس کو حاصل کرنے کے لیے تیار ہیں۔ انہوں نے عوام سے سوال کیا کہ کیا وہ اس جعلی حکومت کو گرانے کے لیے تیار ہیں؟
اپنی بات جاری رکھتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ آج بہاولپور کے عوام نے حکومت کے خلاف فیصلہ سنادیا ہے، بہاولپور میں عوام کا ٹھاٹھیں مارتا ہوا سمندر ہے اگر پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے سربراہ مولانا فضل الرحمان حکم دیں تو اس عوامی سمندر کا رخ اسلام آباد کی جانب کردوں گی۔ جس دن پی ڈی ایم نے استعفی دے دیے اس دن حکومت کا خاتمہ ہوجائے گا۔
Comments are closed.