گرفتاری کے خوف سے دیواریں پھلانگنے والی ہوں ناں جیل جانےکا ڈرہے، مریم نواز

سابق وزیراعظم کی صاحبزادی اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے کہ پہلے بھی بغیر کسی گناہ کہ 2 بار جیل کاٹ چکی ہوں اب تیسری بار بھی گرفتاری کا کوئی خوف نہیں۔

پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے ملتان جلسے میں شرکت کے لئے روانگی کے موقع پر جاتی امراء میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے مریم نوازنے کہا کہ حکومت نے غنڈہ گردی اورتشدد کا مظاہرہ کیا ہے، کارکنوں پر روا رکھا گیا ظلم انہیں ملتان لے جا رہا ہے،میں اپنا ذاتی غم گھر چھوڑ کر قوم کے غم میں شریک ہونے جا رہی ہوں۔

مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر نے مزید کہا کہ پولیس ناکے اورگرفتاریاں حکمرانوں کے خوف کو ظاہر کر رہی ہیں، ملتان میں جلسہ ہونے سے پہلے ہی کامیاب ہو چکا ہے ، پولیس اہلکار بھی اس حکومت سے تنگ آ چکے ہیں، ملک پر مشکل آئی ہے تو بیٹیاں بھی گھروں سے باہر نکلی ہیں، ہم اس جدوجہد میں سب سے آگے ہیں تو ملتان والے بھی باہر نکلیں۔

مریم نواز نے کہا کہ ملک میں کہیں بھی کورونا ایس او پیز پرعمل نہیں ہو رہا، حکومت اور جماعت اسلامی کے جلسوں سے کورونا وائرس نہیں پھیل رہا، کیا سارے ایس او پیز اپوزیشن کے لئے ہیں، کوویڈ 19 تو چلا ہی جائے گا، کوویڈ 18 (پی ٹی آئی حکومت) کو نکالنا ضروری ہے۔ امپائر کی انگلی پر آنے والے کو ایسی جمہوریت والی باتیں کرنا اچھا نہیں لگتا، اب اس حکومت کے آخری چند دن ہیں، کسی اور کو تو کیا خود حکومت کو اپنے جانے کا شک نہیں۔ اس حکومت کو اپنا گھر جانا نظر آ رہا ہے۔

مسلم لیگ (ن) کی رہنما نے کہا کہ ملتان میں گرفتاریاں لاہور جلسے کو روکنے کے لئے ہو رہی ہیں لیکن جلسہ ہوگا اور کامیاب بھی ہوگا، مجھے گرفتار کیا بھی گیا تو کوئی مسئلہ نہیں ہے، میں گرفتاریوں کے خوف سے دیواریں پھلانگنے والی نہیں، بغیر کسی گناہ کے 2 بارجیل کاٹ چکی، تیسری بار بھی گرفتاری کا کوئی خوف نہیں۔

Comments are closed.