مریم نواز کا عید پر زائد کرایہ وصول کرنے والے ٹرانسپورٹرز کے خلاف کریک ڈاؤن کا حکم

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے عید کے موقع پر عوام سے زیادہ کرایہ وصول کرنے والے ٹرانسپورٹرز کے خلاف کریک ڈاؤن کا حکم دے دیا ہے۔

انہوں نے محکمہ ٹرانسپورٹ اور متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ وہ عید کے دوران سفر کرنے والے مسافروں سے غیر قانونی طور پر اضافی کرایہ وصول کرنے کی اجازت نہ دیں۔

مریم نواز نے کہا کہ مقررہ کرایوں پر سختی سے عمل درآمد کرایا جائے گا، اور اس کے لیے ڈپٹی کمشنرز کو اپنی اپنی حدود میں مانیٹرنگ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ زائد کرایوں کی وصولی روکی جا سکے۔ وزیراعلیٰ نے اس بات پر زور دیا کہ حکومت غریب مسافروں کے استحصال کو کسی صورت برداشت نہیں کرے گی اور اس حوالے سے سخت اقدامات اٹھائے جائیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ “گھروں کو لوٹنے والے غریب مسافروں کے ساتھ ظلم کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔” مریم نواز نے ٹرانسپورٹرز کو تنبیہ کی کہ زائد کرایہ وصول کرنے والوں کے خلاف فوری طور پر قانونی کارروائی کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ اس ضمن میں کوئی بھی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی اور مسافروں کو ان کے حقوق سے محروم ہونے کی صورت میں کسی قسم کی رعایت نہیں ملے گی۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے عوام سے اپیل کی کہ وہ کسی بھی ٹرانسپورٹر کے ذریعے زائد کرایہ وصول کیے جانے کی صورت میں فوری طور پر متعلقہ حکام کو اطلاع دیں تاکہ کارروائی کی جا سکے۔

Comments are closed.