پاکستان مسلم لیگ (ن) نے وزیراعظم عمران خان کی جانب سے الیکٹرانک ووٹنگ مشین کی ٹیسٹنگ کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان کو یقین ہوچکا ہے کہ پاکستان کے عوام نہیں، انہیں ووٹ صرف مشینی دھاندلی سے ہی مل سکتا ہے۔
مریم اورنگزیب نے وزیراعظم عمران خان کی جانب سے الیکڑانک ووٹنگ مشین کے معائنے پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کمرے میں ہونے والی ’’ ٹیسٹنگ‘‘ مسترد کرتے ہیں، اس میں پارلیمان اور اپوزیشن کی رائے شامل نہیں، ریٹرنگ افسران، انتخابی عملے کو اغوا اور ووٹ کے تھیلے چرانے والے اب مشینوں کے معائنے کا ڈرامہ کررہے ہیں۔
مریم اورنگزیب نے سوال اٹھایا کہ کیا الیکڑانک ووٹنگ مشین ریٹرننگ افسران کے اغوا کی سوچ روک سکتی ہیں؟ وزیراعظم مشینوں کے معائنے چھوڑیں، ووٹ چوری اور فراڈ کیسے ختم ہوگا، اس کی بات کریں، انتخابی نتائج کے تاخیر سے اعلان کی کیا وجوہات ہیں، وہ قوم کو بتائیں، ڈرامے نہ کریں۔
مسلم لیگ (ن) کی ترجمان نے کہا کہ دو ہزار اٹھار میں میں آرٹی ایس بٹھا کر مسلط ہونے والے عمران خان کو الیکڑانک مشینیں ہی ووٹ دیں گی، کیونکہ عوام کا آٹا،چینی، دوائی، بجلی، گیس چوری کرنے والوں کو پاکستان کے عوام ووٹ نہیں دیں گے، پوری دنیا میں فیل ہونے والا نظام آپ کے (وزیراعظم) کمرے میں ٹیسٹ ہونے سے پاس نہیں ہوجائے گا۔
مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ عمران خان کو یقین ہوچکا ہے کہ پاکستان کے عوام نہیں، انہیں ووٹ صرف مشین کی دھاندلی سے ہی مل سکتا ہے، پاکستان کے عوام وہ نتیجہ کبھی قبول نہیں کریں گے جو ان کے ووٹ سے برآمد نہ ہو، وزیراعظم کو عوام کی رائے پر اعتماد ہوتا تو مشین کے پیچھے نہ چھپتے۔
Comments are closed.