کراچی کے علاقے گلشن اقبال مسکن چورنگی پر دھماکہ، 5 افراد جاں بحق،30 زخمی

کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں مسکن چورنگی پر دھماکہ ہوا ہے جس کے نتیجے میں کم از کم 5 افراد جاں بحق  جب کہ 30 زخمی ہو گئے، زخمیوں کی تعداد اور ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں مسکن چورنگی پر دھماکے کے بعد امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئی ہیں اور واقعے میں زخمی ہونے والوں کو اسپتال منتقل کیا جا رہا ہے۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق دھماکہ چار منزلہ عمارت میں ہوا ہے جس کے گراؤنڈ فلور پر دو نجی بینک ہیں جب کہ بالائی منزل پر رہائشی فلیٹس ہیں۔

ابتدائی شواہد کے مطابق دھماکہ گیس لیکج کے باعث ہوا، دھماکہ اس قدر شدید تھا کہ سے عمارت کا ایک حصہ مکمل تباہ ہو گیا جب کہ قریب عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے، جب کہ دھماکہ کی آواز دور دور تک سنی گئی۔ دھماکے کے بعد رینجرز، پولیس کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئی ہیں۔

مسکن چورنگی پر جس جگہ دھماکہ ہوا ہے وہ مصروف شاہراہ ہے، کراچی یونیورسٹی کا ایک دروازہ بھی دھماکے کے مقام کے قریب واقع ہے، جب کہ دھماکہ کے مقام کے قریب ہی فوڈ سٹریٹ بھی ہے، جہاں پر طلبہ و طالبات کے علاوہ شہریوں کا کافی رش ہوتا ہے۔

ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ دھماکے کے نتیجے میں کم از کم 5 افراد جاں بحق اور 30 زخمی ہوئے، جاں بحق افراد کی میتیں اور زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جب کہ جائے حادثہ سے ملبہ ہٹانے کے لئے ہیوی مشینری بلا لی گئی ہے تا کہ ممکنہ طور پر ملبے دبے افراد کو نکالا جا سکے۔

Comments are closed.