جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ اور حکومت مخالف اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے قائد مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ ملتان جلسے سے روکنے کے لیے ڈنڈا استعمال کیا گیا تو کارکنوں کو بھی ڈنڈا اٹھانے کی اجازت ہے۔
ملتان میں سابق وزیراعظم اور پیپلزپارٹی رہنما یوسف رضا گیلانی کے ہمراہ صحافیوں سے بات کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ حکومت نے عوام سے روزگار چھین لیے، گھر چھین لیے، تاجر رو رہے ہیں، حکومت کے عوام دشمن اقدامات کے خلاف پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کی طرف سے پورے ملک میں عوامی جلسوں کا سلسلہ جاری ہے۔
جے یو آئی کے سربراہ نے کہا کہ حکومت ریاستی دہشت گردی پر اتر آئی ہے، ملتان کی انتظامیہ کی جانب سے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کئے جارہے ہیں، تمام پارٹیوں کے کارکنوں کو گرفتار کیا جارہا ہے، لیکن ملتان میں پی ڈی ایم کا جلسہ ہو کررہے گا، ہر صورت حال کا مقابلہ کرنے کو تیار ہیں، اس حوالے سے حکمت عملی تیار کرلی ہے۔
اپنی بات جاری رکھتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ تمام پارٹیوں سے کہنا چاہتا ہوں کہ رکاوٹیں توڑ کر جلسے میں آئیں، پی ڈی ایم کے جلسے کو روکنے پر عوام کا سیلاب انہیں بہا لے جائے گا۔ کوئی ڈنڈا استعمال کرے گا تو کارکنوں کو بھی ڈنڈا اٹھانے کی اجازت ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر حکمرانوں نے جلسہ نہ کرنے دیا تو پاکستان کا ہر ضلع جلسہ گاہ بن جائے گا، ہم نے جنوری میں لانگ مارچ کا اعلان کیا تھا لیکن شاید حکمران چاہتے ہیں کہ ہم لانگ مارچ جلد کریں۔اس موقع پر یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ حکومت نے جلسے سے پہلے ہی جلسہ کامیاب کردیا، آصفہ بھٹو زرداری کل جلسے میں خطاب کریں گی۔
Comments are closed.