دبئی (سید رضا عابدی): وزیرِاعظم پاکستان محمد شہباز شریف نے ورلڈ گورنمنٹس سمٹ 2025 کے موقع پر متحدہ عرب امارات کے نائب صدر، وزیرِاعظم اور دبئی کے فرمانروا عزت مآب شیخ محمد بن راشد المکتوم سے ملاقات کی۔ وزیرِاعظم شہباز شریف شیخ محمد بن راشد المکتوم کی دعوت پر دبئی کے دورے پر ہیں۔
ملاقات کے دوران شیخ محمد بن راشد المکتوم نے وزیرِاعظم شہباز شریف کا پرتپاک خیرمقدم کیا اور پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے دیرینہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ وزیرِاعظم نے دبئی کی غیرمعمولی ترقی کو متحدہ عرب امارات کی دور اندیش قیادت کا ثبوت قرار دیا اور اماراتی قیادت کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے دنیا بھر کے رہنماؤں کو ایک جگہ جمع ہونے کا موقع فراہم کیا تاکہ وہ عالمی طرزِ حکمرانی کے مستقبل پر تبادلہ خیال کر سکیں۔
اقتصادی و تجارتی تعاون پر تبادلہ خیال
وزیرِاعظم شہباز شریف نے متحدہ عرب امارات کو پاکستان کا قابل اعتماد اتحادی قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان سرمایہ کار دوست پالیسیوں پر عمل پیرا ہے، جو توانائی، انفراسٹرکچر، کان کنی اور آئی ٹی سمیت دیگر شعبوں میں اماراتی سرمایہ کاروں کے لیے بے شمار مواقع فراہم کرتی ہیں۔ انہوں نے اماراتی کاروباری اداروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔
شیخ محمد بن راشد المکتوم نے اقتصادی اور ثقافتی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے دبئی کے عزم کا اعادہ کیا اور مصنوعی ذہانت، موسمیاتی تبدیلیوں کے اقدامات اور دیگر شعبوں میں باہمی تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا۔ دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے اور اسٹریٹجک تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنے کے لیے اعلیٰ سطحی مذاکرات جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔
پاکستانی کمیونٹی کا کردار اور وزیرِاعظم کی یادیں
وزیرِاعظم شہباز شریف نے 1970 کی دہائی میں متحدہ عرب امارات میں اپنے قیام کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس وقت کی ترقی اور آج کے دبئی میں زمین آسمان کا فرق دیکھ کر اماراتی قیادت کی دور اندیشی کے معترف ہیں۔
وزیرِاعظم نے متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے لیے غیرمعمولی سپورٹ پر اماراتی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر شیخ محمد بن راشد المکتوم نے پاکستانی تارکینِ وطن کی محنت اور متحدہ عرب امارات کی ترقی میں ان کے کردار کو سراہا۔
یہ ملاقات دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید فروغ دینے اور مستقبل میں قریبی تعاون کے عزم کا اظہار تھی۔
Comments are closed.