مفتاح اسماعیل کو پاکستان کی ترقی ہضم نہیں ہو رہی، ان کا کرپٹو بیانیہ بھارت جیسا ہے: عطا تارڑ

وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا ہے کہ مفتاح اسماعیل کو پاکستان کی ترقی ہضم نہیں ہو رہی، اور ان کا کرپٹو سے متعلق بیانیہ زمینی حقائق کے برعکس اور بھارتی مؤقف کے مشابہ ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ بغیر تحقیق کے کسی پر الزامات لگانا دشمنوں کے ایجنڈے کو فروغ دینا ہے، اور مفتاح اسماعیل کی جانب سے کرپٹو کرنسی سے متعلق دیے گئے بیانات بھی اسی طرز پر مبنی ہیں۔

عطا تارڑ نے کہا کہ حکومت نے کرپٹو کرنسی سے متعلق باضابطہ نظام وضع کر دیا ہے، جس کے تحت کرپٹو کونسل قائم کی گئی ہے اور قوانین بھی مرتب کیے گئے ہیں تاکہ اس جدید مالیاتی نظام کو ضابطے میں لایا جا سکے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بھارت نے بھی پاکستان میں کرپٹو سے متعلق اقدامات پر سوالات اٹھائے تھے، اور حیرت کی بات ہے کہ مفتاح اسماعیل کا مؤقف بھی اسی سے میل کھاتا ہے۔

اس کے ساتھ ساتھ عطا تارڑ نے اس تاثر کی تردید کی کہ اسحاق ڈار شوگر ایڈوائزری بورڈ کے رکن ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسی خبریں درست نہیں اور بے بنیاد پروپیگنڈے پر مبنی ہیں۔

ڈاکٹر عافیہ صدیقی کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ اسحاق ڈار کے بیانات کو سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا گیا ہے۔ حکومت پاکستان اس معاملے پر مکمل سنجیدہ ہے اور سفارتی و قانونی ہر ممکن کوشش کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس اہم مسئلے پر پیشرفت کے لیے وزیر قانون کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دی جا چکی ہے، جبکہ وزیراعظم شہباز شریف سے ڈاکٹر فوزیہ صدیقی کی ملاقات بھی ہو چکی ہے تاکہ مسئلہ سفارتی سطح پر مزید آگے بڑھ سکے۔

Comments are closed.