ماہانہ 102 ارب خسارے کے باوجود کوشش ہے پٹرول مہنگا نہ کریں، وزیرخزانہ

وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ حکومت کو پٹرول کی مد میں ہر ماہ 102 ارب روپے کا نقصان ہورہا ہے، کوشش ہوگی کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں نہ بڑھائیں۔

کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ عمران خان کے قول و فعل میں فرق ہے، سابق حکومت نے عوام کے لیے معاشی گڑھے کھودے اور سارا بوجھ ہم پر نہیں براہ راست عوام پر ڈالا ہے،عمران خان کےآئی ایم ایف معاہدے کےمطابق پٹرول کی قیمت 245 روپے فی لیٹر ہونی چاہیے تھی لیکن ہم کوشش کریں گے کہ پٹرول کی قیمتیں برقرار رہیں اور پیٹرول کی قیمت میں جتنا ہو سکے سبسڈی دیں گے۔

وفاقی وزیر خزانہ نے بتایا کہ رواں ماہ میں نقصان کا حجم 102 ارب روپے ہے، صرف ڈیزل پر پاکستان کو 70 ارب روپے نقصان ہو رہا ہے، وزارت خزانہ کے پاس مخصوص رقم ہوتی ہے، پوری حکومت کا ماہانہ خرچہ 45ارب روپے ہے، حکو مت کو مارکیٹ سے قرض لینا پڑتا ہے، اگر ہم بینکوں سے قرض لیتے ہیں تو وہاں شرح سود بڑھ جاتی ہے۔

Comments are closed.