اسلام آباد: فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ آج کے پیچیدہ اور بدلتے ہوئے سکیورٹی ماحول میں، جہاں سرحدی خطرات اور ہائبرڈ چیلنجز مسلسل بڑھ رہے ہیں، باہمی فوجی تعاون، اسٹریٹجک مکالمہ اور افواج کے درمیان اعتماد کی فضا پہلے سے کہیں زیادہ اہم ہو چکی ہے۔
یہ بات انہوں نے اسلام آباد میں منعقدہ علاقائی چیفس آف ڈیفنس سٹاف کانفرنس کے دوران کہی، جس کا عنوان تھا: “روابط کی مضبوطی، امن کا تحفظ”۔ اس اہم کانفرنس میں امریکا، قازقستان، کرغزستان، تاجکستان اور ازبکستان کے اعلیٰ فوجی وفود نے شرکت کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے تمام شریک وفود کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان علاقائی امن، استحکام اور تعمیری شراکت داری کیلئے پُرعزم ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ پاکستان شراکت دار ممالک کے ساتھ مل کر ایک محفوظ اور خوشحال خطے کی تشکیل کیلئے کام کرتا رہے گا۔
کانفرنس کے دوران شریک ممالک نے دہشت گردی، سائبر عدم تحفظ، انتہا پسندی، اور ہنگامی حالات میں انسانی امداد جیسے اہم امور پر مشاورت کی۔ علاقائی سلامتی، سٹریٹجک صورتحال، اور مشترکہ تربیتی و انسداد دہشت گردی اقدامات بھی زیرِ غور آئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق، یہ تاریخی کثیرالطرفہ اجلاس علاقائی سلامتی تعاون اور عسکری سفارتکاری میں اہم پیش رفت ہے، جو نہ صرف مشترکہ سیکیورٹی مفادات کو فروغ دیتا ہے بلکہ مستقبل میں گہرے تعاون کی بنیاد بھی فراہم کرتا ہے۔
شریک وفود نے اجتماعی طور پر امن، باہمی احترام اور قومی خودمختاری کے تحفظ کے عزم کا اظہار کیا۔ ساتھ ہی انہوں نے پاکستان کی عسکری قیادت کو دفاعی سفارت کاری کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کرنے پر خراج تحسین پیش کیا اور پاکستان کی شاندار میزبانی کی بھی تعریف کی۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ یہ کانفرنس پاکستان کے اس دیرینہ عزم کی عکاسی ہے جو وہ ایک مربوط، محفوظ اور تعاون پر مبنی خطے کی تشکیل کے لیے رکھتا ہے۔
Comments are closed.