اسلام آباد: وزیرِ دفاع خواجہ محمد آصف نے ایک اہم بیان میں کہا ہے کہ عالمی برادری کو یہ حقیقت تسلیم کرنی چاہیے کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی ایک انٹرنیشنل دہشت گرد ہے۔ انہوں نے عالمی فورمز پر پاکستان کے خلاف بھارتی الزامات کو مسترد کرتے ہوئے پاکستان کے مؤقف کو اجاگر کیا۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ دنیا کو اب یہ سمجھنا ہوگا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سب سے زیادہ نقصان پاکستان نے اٹھایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں مسلسل دہشت گردی کا نشانہ بنایا گیا اور آج بھی اس کے اثرات ہمارے ملک پر محسوس کیے جا رہے ہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پلوامہ جیسے واقعات پر پاکستان نے ہمیشہ شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا، لیکن بھارت کی جانب سے تعاون کی بجائے الزامات کی سیاست کی گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسے واقعات کی آزاد اور بین الاقوامی انکوائری ہونی چاہیے تاکہ سچ دنیا کے سامنے آ سکے۔ انہوں نے کہا کہ مذاکرات کی میز پر انکوائری کمیشن قائم کیا جانا از حد ضروری ہے۔
خواجہ آصف نے مسئلہ کشمیر پر بھی زور دیا اور کہا کہ پاکستان کا مؤقف واضح اور اقوام متحدہ کی قراردادوں پر مبنی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر پر ٹھوس اور سنجیدہ بات چیت ہونی چاہیے تاکہ کشمیری عوام کو ان کا حقِ خودارادیت مل سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان امن کا خواہاں ہے، لیکن قومی سلامتی اور خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
Comments are closed.