صوبائی وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ سندھ میں ممکنہ سیلاب سے 16 لاکھ سے زائد افراد متاثر ہو سکتے ہیں جبکہ 2 یا 3 ستمبر کو سیلابی ریلا سندھ میں داخل ہوگا۔
نیوز کانفرنس کرتے ہوئے شرجیل میمن نے بتایا کہ صوبے میں 551 ریلیف کیمپس قائم کیے جا چکے ہیں تاکہ متاثرین کو فوری سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ ان کے مطابق ممکنہ طور پر ایک ہزار 657 دیہات زیر آب آ سکتے ہیں۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ سندھ حکومت پوری طرح متحرک ہے اور صورتحال پر قابو پانے کے لیے ایک مرکزی کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے، جہاں سے ہر 3 گھنٹے بعد سیلابی صورتحال کی تازہ ترین معلومات فراہم کی جائیں گی۔
شرجیل میمن کے مطابق ریسکیو آپریشنز کے لیے 192 کشتیاں دستیاب ہیں اور پوری انتظامی مشینری فیلڈ میں موجود ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس وقت گڈو بیراج سے پانی کا اخراج 3 لاکھ 51 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا جا رہا ہے۔
صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ حکومت عوام کو بچانے اور ان کی امداد کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے اور تمام ادارے قریبی رابطے میں کام کر رہے ہیں۔
Comments are closed.