نیویارک میں مسلمانوں کو لاؤڈ اسپیکر کے ذریعے اذان نشر کرنے کی اجازت

نیویارک شہر کے میئر ایرک ایڈمز کی جانب سے نئی اعلان کردہ گائیڈلائنز کے مطابق مسلمانوں کو لاؤڈ اسپیکر پر اذان نشر کرنے کی اجازت ہوگی۔

ایرک ایڈمز کا کہنا ہے کہ نئے قوانین کے تحت مساجد کو رمضان المبارک میں مغرب اور جمعۃ المبارک کی اذانیں لاؤڈ اسپیکر پر نشر کرنے کی اجازت ہوگی اور اس کے لئے انہیں کوئی بھی پیشگی اجازت نامہ نہیں لینا پڑے گا، انہوں نے کہا کہ اس اقدام کا مقصد نیویارک میں تمام مذاہب کے پیروکاروں کو مذہبی فرائض کی ادائیگی کے یکساں مواقع فراہم کرنا ہے۔

میئرنیویارک نے منگل کو ایک نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ جمعہ مقدس اسلامی دن ہے اور مسلمان رمضان المبارک کے دوران غروب آفتاب کے وقت اپنا روزہ افطار کرتے ہیں، نئے قوانین کے تحت مساجد کو رمضان کے مقدس مہینے میں جمعہ اور غروب آفتاب کے وقت اذان کو عوامی طور پر نشر کرنے کے لیے خصوصی اجازت نامے کی ضرورت نہیں ہوگی۔

ایرک ایڈمز نے کہا کہ کافی عرصے سے یہ کمی محسوس کی جا رہی تھی کہ ہماری کمیونٹیز کو بلند آواز میں اذانیں نشر کرنے کی اجازت نہیں، لیکن آج ہم یہ لکیر مٹا رہے ہیں اور واضح کر رہا ہوں کہ مساجد اور عبادت گاہیں بغیر کسی اجازت کے جمعہ اور رمضان المبارک کے دوران اذانیں نشر کرنے کیلئے آزاد ہیں، تاہم  نیویارک پولیس کا کمیونٹی افیئرز بیورو مساجد انتظامیہ سے مل کر اذان نشر کرنے کے حوالے سے رہنما اصول طے کرے گا اور اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ اذان نشر کرنے کے لئے آلات مناسب لیول پر سیٹ ہوں۔

دوسری جانب نیویارک میں بسنے والی مسلم برادی اور اکابرین کی جانب سے میئرایرک ایڈمز کے اعلان کو خوش آئند اور قابل ستائش قرار دیا جا رہا ہے۔

Comments are closed.