مظفر آباد:جوائنٹ ایکشن کمیٹی اور حکومت کے مذاکرات میں ڈیڈ لاک برقرار ،سرکاری دفاتر اور تعلیمی ادارے بند
آزاد کشمیرمیں مہنگائی کے خلاف احتجاج منظم کرنے والی جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی اور حکومت کے درمیان مذاکرات میں ڈیڈ لاک برقرارہیں۔ کمیٹی نے احتجاجی لانگ مارچ جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔
مظفر آباد میں بازاروں میں تجارتی سرگرمیاں معطل ہیں جب کہ سرکاری عمارات بھی بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
گزشتہ شب حکومت اور لانگ مارچ منظم کرنے والی جوائنٹ ایکشن کمیٹی میں مذاکرات ہوئے جن میں کمیٹی نے حکومت کی کسی بھی یقین دہانی کو ماننے سے انکار کر دیا ہے۔
کمیٹی نے لانگ مارچ جاری رکھنے کا اعلان کیا۔ لانگ مارچ میں شریک قافلوں نے راولاکوٹ سے مظفرآباد کی طرف سفر کا آغاز کر دیا ہے۔
کشمیر میں حکومت نے لانگ مارچ کے پیش نظر 13 مئی کو مظفرآباد میں سرکاری دفاتر اور تعلیمی اداروں کو بند رکھنے کا فیصلہ کیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز موبائل انٹرنیٹ سروسز بھی معطل کر دی گئی تھیں۔ ذرائع کے مطابق حکومت نے موبائل انٹرنیٹ سروسز کے بعد اب موبائل فون سروس بھی معطل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
دوسری جانب پاکستان کے وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کشمیر کی صورتِ حال پر غور کے لیے ہنگامی اجلاس اسلام آباد میں طلب کر لیا ہے۔ پیر کو ہونے والے اجلاس میں کشمیر حکومت کے اعلیٰ حکام کو بھی مدعو کیا گیا ہے۔
Comments are closed.