نادرا کا بیرونِ ملک پاکستانیوں کے لیے الرٹ: برطانیہ میں جعلی ویب سائٹ سے خبردار رہنے کی ہدایت

نادرا نے برطانیہ سمیت بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ (Nadra.cardcentre.co.uk )نامی ویب سائٹ جعلی ہے اور نادرا سے سرے سے کوئی تعلق نہیں رکھتی۔ حکام کے مطابق یہ ویب سائٹ شناختی کارڈ اور نائیکوپ خدمات کے نام پر شہریوں سے دھوکہ دہی کر رہی ہے۔

جعلی ویب سائٹ کی نشاندہی
ترجمان نادرا کے مطابق Nadra.cardcentre.co.uk ایک جعلی پلیٹ فارم ہے جو نادرا کارڈ سینٹر کے نام پر شہریوں کو دھوکہ دے رہا ہے۔ یہ ویب سائٹ خصوصاً برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں کو نشانہ بناتے ہوئے جعلی خدمات، شناختی دستاویزات اور ملازمتوں کی فراہمی کے جھوٹے دعوے کر رہی ہے۔

جعلی دعوے اور دھوکہ دہی کا خطرہ
حکام نے بتایا کہ یہ ویب سائٹ نادرا کے نام پر شناختی کارڈ، اسمارٹ کارڈ، نائیکوپ اور دیگر سرکاری خدمات کی آفر کرتی ہے، مگر حقیقت میں ان دعوؤں کا نادرا سے کوئی تعلق نہیں۔
ترجمان نے کہا کہ اس ویب سائٹ پر فراہم کی جانے والی کسی بھی ذاتی معلومات یا ادائیگی کے غلط استعمال کا شدید خطرہ موجود ہے، جس سے شہری مالی نقصان اور ڈیٹا چوری کا شکار ہو سکتے ہیں۔

نادرا کی کارروائی اور سائبر شکایت
نادرا نے اس جعلی ویب سائٹ کے خلاف باقاعدہ کارروائی کا آغاز کرتے ہوئے نیشنل سائبر کرائم ایجنسی کو باضابطہ شکایت جمع کرا دی ہے۔
ترجمان کے مطابق ادارہ بیرونِ ملک پاکستانیوں کی حفاظت کے لیے تمام قانونی اقدامات اٹھا رہا ہے۔

تارکین وطن کے لیے ہدایات
نادرا نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ صرف نادرا کی آفیشل ویب سائٹس اور سرکاری پلیٹ فارمز کے ذریعے ہی خدمات حاصل کریں تاکہ کسی بھی دھوکہ دہی، ڈیٹا چوری یا مالی نقصان سے بچا جا سکے۔
ادارے کی جانب سے یہ بھی واضح کیا گیا کہ نادرا کبھی بھی غیر سرکاری ویب سائٹس کے ذریعے نہ تو درخواستیں وصول کرتا ہے اور نہ ہی کوئی فیس چارج کرتا ہے۔

Comments are closed.