قومی سلامتی اولین ترجیح ہے، وفاقی و صوبائی حکومتوں سے تعاون جاری رہے گا:فیلڈ مارشل

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاکستان کی قومی سلامتی، علاقائی سالمیت اور ہر شہری کا تحفظ ریاست کی اولین ترجیح ہے، اور پاک فوج وفاقی و صوبائی حکومتوں کے ساتھ مکمل تعاون جاری رکھے گی۔ انہوں نے یہ بات نیشنل سکیورٹی ورکشاپ کے شرکاء سے ملاقات میں کہی۔

نیشنل سکیورٹی ورکشاپ وفد کا جی ایچ کیو دورہ

آئی ایس پی آر کے مطابق ورکشاپ کے شرکاء نے جی ایچ کیو کا دورہ کیا جہاں انہیں پاکستان کی علاقائی اور داخلی سکیورٹی صورتحال، سرحدی انتظام، سمگلنگ کے خلاف کارروائیوں اور انسداد منشیات اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔شرکاء کو غیر ملکیوں کی واپسی کے اقدامات اور قومی سلامتی کے مختلف پہلوؤں سے بھی آگاہ کیا گیا۔

 نئے چیلنجز پر گفتگو

ملاقات میں فیلڈ مارشل عاصم منیر نے خطے کی بدلتی صورتحال، سرحد پار دہشتگردی، ہائبرڈ خطرات اور جیو پولیٹیکل چیلنجز پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اہم اسٹریٹیجک مقام رکھتا ہے اور عالمی سطح پر اپنا کردار مزید مضبوط کرے گا۔

قومی وحدت

فیلڈ مارشل نے کہا کہ پاکستان کی قوت قومی اتحاد سے جڑی ہے اور دشمن کے تمام مذموم عزائم مشترکہ کوششوں سے ناکام بنائے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ مسلح افواج، خفیہ ادارے اور سکیورٹی سروسز پیشہ وارانہ صلاحیتوں کے ساتھ تمام چیلنجز کا جواب دے رہے ہیں۔

حکومتوں کے ساتھ تعاون

فیلڈ مارشل عاصم منیر نے اس بات پر زور دیا کہ پاک فوج وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے ساتھ تعاون جاری رکھے گی۔ ان کے مطابق امن، استحکام اور ترقی کے لیے ادارہ جاتی تعاون اور مربوط حکمتِ عملی ناگزیر ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاک فوج ان قومی مقاصد پر کسی بھی قیمت پر سمجھوتہ نہیں کرے گی۔

Comments are closed.