ملک بھر میں احتجاج، فیض آباد میدان جنگ،2 موٹرسائیکل جلا دیئے،30 گرفتار
سابق وزیراعظم عمران خان پر قاتلانہ حملے کے خلاف تحریک انصاف کے کارکنان نے احتجاجاً مری روڈ بلاک کردی ۔ پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے شیلنگ کی اور تیس سے زائد افراد کو گرفتار کرلیا۔
جڑواں شہروں سمیت ملک بھر میں عمران خان پر قاتلانہ حملے کیخلاف تحریک انصاف کے کارکنان کا بھرپور احتجاج کیا گیا۔ راولپنڈی ، اسلام آباد کے سنگم پر فیض آباد فلائی اوور بلاک کر دیا۔ پولیس کی مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس کی شدید شیلنگ کی۔پولیس نے 30 سے زائد مظاہرین کو گرفتار کر لیا۔ مظاہرین کے پتھراو سے 6 پولیس اہلکار بھی زخمی ہوئے۔
نماز جمعہ کے بعد مظاہرین راولپنڈی کے مختلف علاقوں سے ریلی کی صورت میں فیض آباد پہنچنے اور احتجاجاً ٹائر جلا کر مری روڈ بلاک کر دی۔ سڑک کھولنے کے لیے پولیس اور ایف سی نے آنسو گیس کے 600 سے زائد شیل فائر کیے جس لیے ڈرون کا بھی استعمال کیا۔ احتجا ج میں پی ٹی آئی کی خواتین کارکنان نے بھی شرکت کی۔ مشتعل مظاہرین نے دوپولیس اہلکاروں اور ایک غریب شہری کی موٹر سائیکل بھی نذر آتش کر دی۔ شیلنگ اور گرفتاریوں کے بعد ہجوم منتشر ہوگیا جس کے بعد پولیس نے تمام سڑکیں کھول دیں۔
اسلام آباد انتظامیہ نے واضح کیاہے کہ پر امن احتجاج سب کا حق ہے لیکن کسی کو راستے روکنے کی ہر گز اجازت نہیں دی جائے گی، پولیس اسلام آباد کے شہریوں کی آزادانہ آمد و رفت ہر صورت یقینی بنائے ۔
دوسری جانب لاہور،کراچی،پشاورسمیت ملک کے چھوٹے بڑے شہروں میں بھی تحریک انصاف کے کارکنوں کی جانب سے شدید احتجاج کیا گیا۔
Comments are closed.