سید خورشید شاہ کو پارٹی شو کازنوٹس کی خبریں جعلی، بےبنیاد ہیں،نئیربخاری

اسلام آباد: سیکرٹری جنرل پاکستان پیپلز سید نیر حسین بخاری نے کہاہے کہ رکن قومی اسمبلی سید خورشید احمد شاہ کو پارٹی کی طرف سے کوئی شو کاز نوٹس جاری نہیں کیا گیا، ایسی تمام خبریں بے بنیاد اور جعلی ہیں ۔ جعلی شو کاز کا معاملہ تحقیقات کیلئے ایف آئی اے کے سائبر ونگ کو ریفر کر رہے ہیں تاکہ اس شرارت میں ملوث اصل ملزمان تک پہنچا جا سکے۔

نئیر حسین بخاری نے کہا کہ جمہوریت کیلئے سید خورشید احمد شاہ کی خدمات ناقابلِ فراموش ہیں، سید خورشید شاہ 1969 سے پاکستان پیپلز پارٹی سے وابستہ ہیں اور اس سے پہلے بھی وہ کئی بار قید و بند کی صعوبتیں برداشت کر چکے ہیں۔آمرانہ ہتھکنڈوں کے باوجود ان کے پائےِ استقامت میں کبھی لرزش نہیں آئی۔ پارٹی چھوڑنے سے متعلق ان سے منسوب ٹویٹ جعلی ہیں، اور ایسی خبروں میں کوئی صداقت نہیں۔

 پیپلز پارٹی سیکرٹری جنرل نے کہاکہ خورشید شاہ دو سال سے پابند سلاسل ہیں مگر جمہوریت اور پارٹی کاز کیلئے ڈٹ کر کھڑے ہیں۔ موجودہ فاشسٹ دور میں خورشید شاہ کے علاوہ کوئی سیاسی لیڈر دو سال سے پاپندد سلاسل نہیں، وہ قید و بند کے باوجود جمہوریت اور پارٹی کے وفادار رہیں گے۔

Comments are closed.