سپین سمیت دیگر یورپی ممالک میں کورونا کی نئی قسم تیزی سے پھیلنے لگی، پابندیوں کا امکان

کورونا کی نئی قسم کے پھیلاؤ کی وجہ سے یورپ میں کوویڈ19 کیسز کی تعداد میں اضافہ یورپی یونین کے رکن ممالک کو دوبارہ سفری پابندیاں عائدکرنے پر مجبور کر رہاہے۔ یورپی ممالک نے حال ہی میں موسم گرما کی تعطیلات میں سیاحت کی بحالی کے لئے اقدامات میں نرمی کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ یورپی کمیشن نے جمعرات 8 جولائی کو اس بات پر زور دیا کہ یورپی یونین میں سفر کے لئے مربوط حل تلاش کرنا ضروری ہے۔ اور ممبر ممالک سے مطالبہ کیاہے کہ وہ ویکسین کے اہداف تک پہنچنے کی کوششوں کو تیز کرے۔

ڈیلٹا وائرس کی نئی قسم یورپ میں تیزی سے پھیل رہی ہے۔ برطانیہ،آئرلینڈ، پرتگال، فرانس جرمنی سمیت دیگر یورپی ممالک میں کیسز سامنے آرہے ہیں جبکہ سپین بھی ڈیلٹا ویرنٹ سے بری طرح متاثر ہے۔ اسی وجہ سے فرانس اور جرمنی نے اپنے شہریوں کو سپین کے سفرسے گریز کا مشورہ دیاہے۔

یورپی سنٹر برائے امراض کی جانب سے پہلے ہی یورپی ممالک کو متنبہ کیاگیاتھاکہ نئی قسم کا وائرس زیادہ متعدی ہے۔ اگست تک کیسز کی تعداد 90 فیصد تک پہنچ سکتی ہے۔ وائرس کی نئی قسم ان لوگوں کو بھی متاثر کرسکتی ہے جنھوں نے ویکسین کی ایک خوراک حاصل کی ہو۔

سپین میں نئے کیسز میں 137 فیصد اضافہ ریکارڈ کیاگیایے۔کاتالونیا میں حالات سب سے زیادہ خراب ہورہے ہیں۔سپین کے 4 صوبوں کاتالونیا، میڈرڈ،ویلنسیا اور ناوارا میں سب سے زیادہ کیسز سامنے آئے ہیں۔ ماہرین کی جانب سے حکومت سے اقدامات اٹھانے کا مطالبہ کیا جارہاہے۔

Comments are closed.