سپین کا کورونا تباہ کاریوں سے بحالی کی طرف قدم،8 لاکھ نئی ملازمتوں کا اعلان

میڈرڈ: سپین کی حکومت نے کورونا وباء کے باعث تباہ حال معیشت کی بحالی کے منصوبے اور8 لاکھ نئی ملازمتیں پیدا کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

یورپی یونین کی جانب سے 140 ارب یوروز کی خطیر رقم کورونا ریکوری فنڈ کی مد میں سپین کے لئے مختص کی گئی ہے جس کے بعد یورپی یونین سے کورونا بحالی فنڈ لینے والا دوسرا بڑا ملک ہوگا۔

سپین کے وزیراعظم پیدرو سانچز کا کہنا ہے کہ آئندہ چھ برسوں کے دوران سپین کو جدید خطوط پر استوار کرنے کیلئے روڈ میپ بنا لیا ہے جس کے ذریعے وباء سے پیدا مشکل حالات کو بڑے مواقع میں بدل دیا جائے گا۔

ہسپانوی وزیراعظم نے وزراء، غیرملکی سفراء اور تاجر تنظیموں کی موجودی میں میڈرڈ محل سے اعلان کیا کہ یورپی یونین کی جانب سے ملنے والے فنڈ کو 2021 سے 2026 کے دوران عوامی فلاح کے لئے خرچ کی جائے گی۔

پیدرو سانچز کا کہنا ہے کہ 37 فیصد سرمایہ کاری ماحولیاتی منتقلی جب کہ 33 فیصد سرمایہ کاری ڈیجیٹل ٹرانزیشن کے لئے مختص کی جائے گی، ہسپانوی حکومت کو توقع ہے کہ آئندہ تین برسوں کے دوران جی ڈی پی کی شرح نمو 2.5 فیصد سالانہ ہوگی۔

سپین یورو زون میں چوتھی بڑی معیشت ہے تاہم سپین میں بیروزگاری میں بڑی تیزی سے اضافہ ہوا ہے، سپین کے مقابلے میں جرمنی نے کورونا وباء کے اثرات سے بحالی کے لئے پلان جون میں جب کہ اٹلی اور فرانس نے ستمبر میں بحالی کےلئے منصوبہ بندی کا اعلان کر دیا تھا۔

Comments are closed.