سپین میں کرایہ داروں کیلئے بڑا ریلیف، صوبہ کاتالونیا میں نیا قانون کرایہ داری نافذ

 بارسلونا: اسپین میں مہنگے کرایوں سے پریشان عوام کے لئے سُکھ کی گھڑی آن پہنچی، صوبہ کاتالونیا کی علاقائی حکومت کی جانب سے کرایوں میں کمی کے حوالے سے قانون کرایہ داری آج (22 ستمبر) سے لاگو کر دیا گیا۔

کاتالونیا کی حکومت نے رواں ماہ 9 ستمبر کو کورونا وباء اور عوام کو درپیش مالی مشکلات کے پیش نظر یکساں کرایوں کے لئے نیا قانون منظور کیا، جسے اپوزیشن جماعتوں اور ریئل اسٹیٹ لابی کی جانب سے تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔ تاہم حقوق کرایہ داری کیلئے سرگرم تنظیموں کی جانب سے حکومتی اقدام کو خوش آئند قرار دیا گیا۔

واضح رہے کہ کاتالونیا میں کرایوں میں 2013 سے 2019 کے دوران 36 فیصد اضافہ ہوا، جب کہ اسی عرصے کے دوران صرف بارسلونا میں 43 فیصد کرائے بڑھائے گئے۔ آج سے اس قانون کا اطلاق 60 شہروں اور قصبوں پر ہو گا جہاں پر ہاؤسنگ مارکیٹ کو ’’کشیدہ یا تشویشناک‘‘ قراردیا جائے گا۔

اس قانون کے مطابق ہاؤسنگ مارکیٹ کی صورتحال کو ’’کشیدہ یا تشویشناک‘‘ اس وقت قرار دیا جائے گا جب کسی شہر یا قصبے میں عوام کو سستی رہائش کی سہولت دستیاب نہ ہو۔ اس کے ساتھ یہ قانون خاص طور پر ان علاقوں پر لاگو ہوگا جہاں پر کرائے کاتالونیا صوبے میں کرائے کی اوسط حد سے تجاوز کر چکے ہیں۔

اس کے ساتھ ساتھ جن علاقوں میں کرائے شہریوں کی اوسط آمدن سے30 فیصد زیادہ یا گزشتہ پانچ برسوں کے دوران مہنگائی سے 3 فیصد تجاوز چکے ہیں ان علاقوں پر بھی اس قانون کا اطلاق ہوگا۔ کاتالونیا کی حکومت نے ہر علاقے میں کرائے کی ایک حد مقرر کر دی ہے، اس کے ساتھ ساتھ مالک مکان خود سے کرایہ نہیں بڑھا سکیں گے بالخصوص جب ان کا اپارٹمنٹ یا گھر پانچ برسوں سے کرایے پر لگا ہوا ہو۔

Comments are closed.