پنجاب میں بارشوں کا نیا طوفانی اسپیل، سیالکوٹ میں 11 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا

پنجاب کے مختلف شہروں میں بارشوں کا طوفانی اسپیل جاری ہے، جس کے باعث نشیبی علاقے زیرآب آگئے اور نظام زندگی شدید متاثر ہوا۔

گجرات، ظفروال اور وزیرآباد میں بارش
گجرات، ظفروال، وزیرآباد اور گردونواح میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہا۔ بارش کے باعث نشیبی علاقے زیرآب آگئے جبکہ متعدد فیڈرز ٹرپ ہونے سے بجلی کی فراہمی بھی معطل ہوگئی۔

مزید بارشوں کی پیش گوئی
محکمہ موسمیات کے مطابق شمال مشرقی پنجاب اور کشمیر میں موسلادھار بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ جہلم، گوجرانوالہ اور لاہور کے نشیبی علاقوں میں بھی پانی جمع ہونے کا خدشہ بڑھ گیا ہے، جس کے باعث شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔

سیالکوٹ میں ریکارڈ بارش، دفعہ 144 نافذ
سیالکوٹ میں گزشتہ روز بارشوں کا 11 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا، جہاں 355 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ کئی کئی فٹ پانی جمع ہوگیا اور شہر کے نشیبی علاقے ڈوب گئے۔ صورتحال کے پیش نظر سیالکوٹ میں دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے تاکہ غیر ضروری نقل و حرکت روکی جا سکے۔

گجرات میں مقامی تعطیل کا اعلان
بارشوں اور ممکنہ سیلاب کے خدشے کے پیش نظر گجرات میں آج مقامی تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے تاکہ شہری بلاوجہ سفر سے گریز کریں اور گھروں پر محفوظ رہیں۔

احتیاطی تدابیر کی اپیل
ریسکیو اور ضلعی انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ غیر ضروری طور پر گھروں سے نہ نکلیں، کھلے مین ہولز اور بجلی کے پولز سے دور رہیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر ہیلپ لائن پر رابطہ کریں۔

Comments are closed.