ہملٹن: کیویز نے ایک مرتبہ پھرشاہینوں کو ڈھیر کر دیا، نیوزی لینڈ نے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان کو 9 وکٹ سے شکست دے کر سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی۔
نیوزی لینڈ کے شہر ہملٹن میں کھیلے گئے ٹی ٹوئنٹی سیریز کے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان نے محمد حفیظ کی 99 رنز کی شاندار اننگز کی بدولت مقررہ 20 اوورز میں 163 رنز بنائے جس کے جواب میں ٹیم نیوز لینڈ نے مطلوبہ ہدف 1 وکٹ کے نقصان پر پورا کرلیا۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے مارٹن گپٹل اور ٹم سیفرٹ نے اننگز کا جارحانہ آغاز کیا، گپٹل 11 گیندوں پر21 رنز بنانے کے پویلین واپس لوٹے جس کے بعد کپتان کین ولیمسن نے ٹیم سیفرٹ کا ساتھ دیا اور مزید کسی نقصان کے بغیر فتح حاصل کی۔ کپتان ولیمسن 57 اور سیفرٹ 84 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔
اس سے قبل میچ کا ٹاس قومی ٹیم کے کپتان شاداب خان نے جیت کر پہلے خود بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا ۔ پاکستانی ٹیم کا ٹاپ آرڈر ایک بار پھر ناکام ثابت ہوا، اس بار اوپننگ کے لیے حیدر علی اور محمد رضوان کو چنا گیا لیکن دوسرے ہی اوور میں ٹم ساؤتھی نے پہلے حیدرعلی کو 8 اور پھرعبداللہ شفیق کو کھاتہ کھولے بغیر پویلین واپس بھی دیا۔
محمد رضوان 20 گیندوں پر 22 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے، پچھلے میچ میں ذمہ دارانہ اننگز کھیلنے والے کپتان شاداب خان ناکام ثابت ہوئے اور صرف 4 رنز بنانے کے بعد پویلین واپس لوٹ گئے۔محمد حفیظ نے ذمہ دارانہ کھیل پیش کرتے ہوئے خوشدل شاہ کی ساتھ اچھی شراکت قائم کی، حفیظ نے اپنی نصف سنچری بھی مکمل کی جب کہ وہ اپنے ٹی ٹوئنٹی کریئر کی بہترین اننگز کھیلتے ہوئے57 گیندوں پر99 رنزبناکر ناٹ آؤٹ رہے جس میں 5 چھکے اور 10 چوکے شامل تھے۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹم ساؤتھی نے 4 وکٹیں حاصل کیں جب کہ آئش سوڈی اور جیمی نشان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ قومی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی جب کہ نیوزی لینڈ کی ٹیم میں 4 تبدیلیاں کی گئی ہیں، حیران کن طور پر پچھلے میچ کے کپتان اور مین آٖف دی میچ جیکب ڈفی کو بھی ٹیم کا حصہ نہیں بنایا گیا۔ کیوی اسکواڈ میں مارک چیمپن، جیکب ڈفی اور بلیئرٹکنر اور مچل سینٹر کی جگہ کائل جمیسن، ٹم ساوتھی، ٹرینٹ بولٹ اور کپتان ولیمسن کی واپسی ہوئی ہے۔
قومی ٹیم کی قیادت شاداب خان کررہے ہیں، دیگر کھلاڑیوں میں محمد رضوان، عبداللہ شفیق، حیدر علی، محمد حفیظ، خوشدل شاہ، ، عماد وسیم، فہیم اشرف، وہاب ریاض، شاہین شاہ آفریدی اور حارث رؤف شامل تھے۔ کین ولیمسن کی قیادت میں نیوزی لینڈ کی ٹیم میں مارٹن گپٹل، ٹم سیفرٹ، ڈیون کونوے، گلین فلپس، جیمز نیشام، کائل جمیسن، اسکاٹ کوگلین، آئش سودی، ٹم ساوتھی، اور ٹرینٹ بولٹ شامل تھے۔
Comments are closed.