30 اپریل کے بعد پاکستان میں بغیر ویزے کے کوئی غیر ملکی قیام نہیں کر سکے گا:طلال چوہدری

وزیرِ مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے اعلان کیا کہ 30 اپریل کے بعد پاکستان میں بغیر ویزے کے کوئی غیر ملکی قیام نہیں کر سکے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے افغان مہاجرین کی چالیس سالہ میزبانی کی، لیکن اب بین الاقوامی قوانین کے مطابق سختی سے ویزہ پالیسی پر عمل کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ دنیا میں کوئی ایسا ملک نہیں جہاں بغیر ویزے کے رہائش کی اجازت ہو، اور پاکستان اب اس حوالے سے سخت اقدامات کر رہا ہے۔

غیر قانونی افراد کے لیے سہولت کاروں پر کارروائی
طلال چوہدری نے واضح کیا کہ جو لوگ غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کو رہائش فراہم کرتے ہیں، ان کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ یکم اپریل سے اب تک 84,869 افغان باشندے واپس افغانستان جا چکے ہیں۔

افغان حکومت سے مسلسل رابطہ
وزیر مملکت نے بتایا کہ افغان حکومت سے وزارتِ خارجہ رابطے میں ہے، اور آج وزارتِ داخلہ میں افغان وفد کے ساتھ ملاقات بھی ہوئی ہے، جس میں اہم مسائل اور ان کے حل پر بات چیت کی گئی۔ اس کے علاوہ نائب وزیراعظم کی قیادت میں ایک اعلیٰ سطحی وفد جلد افغانستان کا دورہ کرے گا۔

امریکی ہتھیاروں کا دہشت گردوں کے ہاتھ لگنا خطرناک
طلال چوہدری نے خدشہ ظاہر کیا کہ 10 لاکھ امریکی ہتھیاروں میں سے کچھ دہشتگرد گروپوں کے ہاتھ لگ چکے ہیں، اور ان رپورٹس نے پاکستان کے مؤقف کی تائید کی ہے کہ ان ہتھیاروں کا استعمال خطے میں امن و امان کے لیے خطرہ بن رہا ہے۔

Comments are closed.