اسلام آباد: آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم چوہدری انوار الحق نے کشمیر کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بھارت کی خفیہ ایجنسی ’’را‘‘ کو عالمی سطح پر انتشار پھیلانے کا ذمہ دار قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارتی میڈیا دنیا بھر میں اپنے بیانیے کو فروغ دے رہا ہے، لیکن حقیقت یہ ہے کہ بلوچستان میں پاکستانیوں کے خون سے ہولی کھیلنے والوں کو اس کی قیمت دہلی میں چکانی پڑے گی۔
انہوں نے افواج پاکستان کے سربراہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آرمی چیف نے ہمیشہ مسئلہ کشمیر پر مضبوط عزم کا اظہار کیا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستانی عوام کی کشمیر کے لیے دی گئی قربانیوں کو نظرانداز کرنا غداری کے مترادف ہوگا۔
چوہدری انوارالحق نے آزاد کشمیر کو تحریکِ آزادی کا بیس کیمپ قرار دیتے ہوئے کہا کہ کشمیری عوام نے اپنی بے شمار قربانیوں سے جدوجہد کو زندہ رکھا ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر ہم اپنی نظریاتی بنیاد سے ہٹ گئے تو ناقابلِ بیان قیمت چکانی پڑے گی، اور موجودہ حالات میں ہم کسی بھی غیر ضروری مہم جوئی کے متحمل نہیں ہو سکتے۔
وزیراعظم آزاد کشمیر کا کہنا تھا کہ اسلام آباد پاکستان کا دارالحکومت ہے اور ہمیں یہ سمجھنا ہوگا کہ جن اقوام کے عالمی سطح پر وکیل نہیں ہوتے، ان کی حالت سب کے سامنے ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ جو کام حکومتِ پاکستان کے کرنے کے ہیں، وہ وہی کر رہی ہے، جبکہ ہماری بھی ذمہ داری ہے کہ ہم اپنی سطح پر جدوجہد کریں۔ ان کے مطابق بین الاقوامی قوانین کشمیری عوام کو جہاد کے ذریعے اپنا علاقہ آزاد کرانے کا حق دیتے ہیں، اور پاکستان کی جانب سے کشمیر کی حمایت میں کوئی کمی نہیں آئی۔
Comments are closed.