رشوت کی ایک پائی بھی برداشت نہیں ہوگی، پیرا فورس کے جوانوں کو مریم نواز کی ہدایت

لاہور — وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ میرا پیرا فورس کے قیام کا خواب آج شرمندہ تعبیر ہوا ہے، اب زمینوں پر قبضے سے متعلق کیسز کا فیصلہ صرف 90 دن میں ہوگا۔ وہ پنجاب انفورسمنٹ اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی (پیرا) کی پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کر رہی تھیں۔

نوجوان اہلکاروں کے نام پیغام

وزیراعلیٰ نے پاس آؤٹ ہونے والے جوانوں کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد دی اور کہا کہ “اللہ نے آپ کو اپنے وطن اور عوام کی خدمت کا موقع دیا ہے، آپ کے کندھوں پر پنجاب کے کروڑوں عوام کی ذمہ داری ہے۔” انہوں نے اہلکاروں کو ہدایت کی کہ وعدہ کریں کہ کبھی رشوت نہیں لیں گے اور عوام کو انصاف دلانے میں کسی دباؤ کے آگے نہیں جھکیں گے۔

انصاف کی فوری فراہمی اور تجاوزات کے خلاف کارروائی

مریم نواز نے کہا کہ پیرا فورس کا مقصد لوگوں کو ظلم سے بچانا اور انصاف فراہم کرنا ہے۔ بازاروں سے تجاوزات کا خاتمہ عوام، خاص طور پر خواتین کے لیے ایک بڑی سہولت ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ قبضہ مافیا کے خلاف خصوصی عدالتیں قائم کی جا رہی ہیں جہاں زمینوں پر قبضے کے کیسز کا فیصلہ 90 دن میں ہوگا، جبکہ قبضہ کرنے والوں کو 10 سال تک کی سزا دی جائے گی۔

خواتین کی شمولیت اور امن کی صورتحال

وزیراعلیٰ پنجاب نے بتایا کہ پیرا فورس میں باصلاحیت خواتین شامل ہیں، عوام کو سہولتیں فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ “پنجاب کے بہت سے اضلاع میں جرائم کی شرح صفر ہے، ایسے اضلاع بھی ہیں جہاں لوگ کہتے ہیں کہ امن قائم ہوگیا ہے۔” انہوں نے خواب ظاہر کیا کہ “پنجاب کو ماں بیٹیوں کے لیے محفوظ ترین جگہ بنایا جائے گا۔”

سی سی ڈی کی کارکردگی کو سراہا

اپنے خطاب میں مریم نواز نے کاؤنٹر کرائم ڈویژن (CCD) کی کارکردگی کو بھی سراہا اور کہا کہ اس ادارے نے امن قائم کرنے کی ایسی مثال قائم کی جس کی ماضی میں کوئی مثال نہیں ملتی۔

اعزازات کی تقسیم

قبل ازیں وزیراعلیٰ نے پیرا فورس کے اہلکاروں کے مارچ پاسٹ کا معائنہ کیا، بہترین کارکردگی دکھانے والے اہلکاروں میں اعزازات تقسیم کیے اور ڈائریکٹر جنرل پیرا کی جانب سے سووینئر بھی وصول کیا۔

Comments are closed.