کورونا پھر بےقابو، اسلام آباد میں ایک روز میں73 کیسز، نمل یونیورسٹی سیل

اسلام آباد میں کورونا وائرس ایک بار پھر بے قابو ہونے لگا، وفاقی دارالحکومت کی نیشنل یونیورسٹی آف ماڈرن لینگوئجز (نمل) کورونا کیسز سامنے آنے پر سیل کر دی گئی۔ بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی میں بھی ایس او پیز کی خلاف ورزیوں اور ہاسٹل میں کورونا کیس رپورٹ ہونے کی اطلاعات ہیں۔

اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے نمل یونیورسٹی میں انسداد کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزیوں اور متعدد طلبہ و طالبات میں کورونا وائرس کی تصدیق کے بعد یونیورسٹی کو بند کر دیا ہے، اس کے ساتھ ساتھ وفاقی دارالحکومت کے علاقے چک شہزاد میں ایک معروف نجی سکول کو بھی کورونا کیسز رپورٹ ہونے پر سیل کیا گیا۔

واضح رہے کہ پاکستان کے وفاقی دارالحکومت کی بڑی یونیورسٹیز میں انسداد کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزیوں اور کورونا کیسز سامنے آنے کا انکشاف طالبعلموں کی جانب سے سوشل میڈیا پر کیا گیا، سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اسلام آباد کے نام سے اکاؤنٹ کے ذریعے نیشنل یونیورسٹی آف ماڈرن لینگویجز (نمل) کی طالبہ کا پیغام  اور یونیورسٹی سٹوڈنٹس کی ایک تصویر شیئر کی ہے جس میں طالبات ایک لائن میں سماجی فاصلے کے بغیر کھڑی دکھائی دے رہی ہیں۔

اس تصویر کے ساتھ انہوں نے لکھا ہے کہ ’’ہماری یونیورسٹی نمل اسلام آباد میں کئی کورونا کیسز سامنے آ رہے ہیں لیکن یونیورسٹی انتظامیہ کیمپس میں آ کر کلاسز لینے پر مجبور کر رہی ہے۔ انسداد کورونا ایس او پیز پر عمل درآمد بھی نہیں ہو رہا۔‘‘

سوشل میڈیا پر جاری بیان میں مزید کہا ہے کہ کلاسز کے اندر سماجی فاصلے کا انتظام نہیں، طلبہ ایک دوسرے کے ساتھ بیٹھنے پر مجبور ہیں دوسری جانب یونیورسٹی کورونا کیسز کو جھوٹ قرار دے کر اس اہم مسئلے پر پردہ ڈالنے میں مصروف ہے۔

اسی ٹویٹر اکاؤنٹ سے اسلام آباد کی دوسری بڑی جامعہ بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کی بس کے اندر بنائی گئی تصویر شیئر کی ہے جو کہ کھچا کھچ بھری ہے اور طالب علم بس کے اندر کھڑے دکھائی دیتے ہیں۔ اس کے ساتھ یہ الفاظ  لکھے گئے  ہیں کہ بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی میں ایس او پیز پر بالکل بھی عملدرآمد نہیں ہو رہا۔

ایک اور طالب علم نے اپنے سوشل میڈیا پر انکشاف کیا ہے کہ اسلامی یونیورسٹی کے ہاسٹل میں ایک طالب علم میں کورونا وائرس کی تصدیق ہو چکی ہے لیکن انتظامیہ اسے سنجیدہ لینے کی بجائے یونیورسٹی آنے پر مجبور کر رہی ہے۔

واضح رہے کہ اسلام آباد میں گزشتہ روز 73 نئے کورونا مریضوں کی تصدیق کی گئی ہے،جس کے بعد اب تک اس وباء سے متاثرہ افراد کی تعداد 16 ہزار 440 تک پہنچ گئی جب کہ ان میں سے 15 ہزار 755 افراد کورونا کو شکست دے کر صحت یاب ہو چکے ہیں۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 694 افراد کورونا وائرس کا شکار ہو گئے جس کے بعد پاکستان میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 3 لاکھ 10 ہزار 275 ہو گئی جب کہ یہ خطرناک وباء مزید 6 جانیں نگل گئی جس کے بعد مجموعی ہلاکتیں 6 ہزار 457 تک پہنچ چکی ہیں۔

Comments are closed.