وزیراعظم کی ہدایت پر نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) خیبر پختونخوا کی صوبائی حکومت اور پی ڈی ایم اے کو مکمل معاونت فراہم کر رہی ہے۔ ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق ادارے کی خصوصی ٹیم امدادی کاموں میں معاونت اور نگرانی کے لیے پشاور میں موجود ہے۔
امدادی سامان کی ترسیل
مسلح افواج اور فلاحی اداروں کے تعاون سے خیبر پختونخوا کے متاثرہ علاقوں کے لیے امدادی سامان روانہ کر دیا گیا ہے۔ امدادی سامان میں ایمبولینسز، جنریٹرز، کمبل، خیمے، ڈی واٹرنگ پمپس، راشن اور خشک دودھ شامل ہیں۔ ترجمان کے مطابق این ڈی ایم اے سول اور عسکری اداروں کے ساتھ مکمل رابطے میں ہے اور تمام امدادی کارروائیوں کی ہمہ وقت نگرانی کی جا رہی ہے۔
ممکنہ لینڈ سلائیڈنگ اور بارشوں کی وارننگ
این ڈی ایم اے نے عوام کو متنبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئندہ بارشوں کی صورت میں لینڈ سلائیڈنگ کے مزید واقعات پیش آنے کا امکان ہے۔ عوام کو ہدایت کی گئی ہے کہ بارشوں اور سیلاب کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور غیر ضروری سفر سے اجتناب کریں۔
سیاحوں کے لیے انتباہ
این ڈی ایم اے نے سیاحوں کو بھی مشورہ دیا ہے کہ وہ آئندہ پانچ سے چھ روز تک شمالی علاقہ جات کا سفر نہ کریں تاکہ کسی ممکنہ حادثے سے بچا جا سکے۔ ترجمان کے مطابق متاثرہ علاقوں میں پی ڈی ایم اے، پاک فوج، ضلعی انتظامیہ، ریسکیو 1122 اور مقامی رضاکار ریلیف آپریشن میں مسلسل مصروف ہیں۔
Comments are closed.