ایک سیاسی ٹولہ اس حد تک چلا گیا کہ اس نے فوج پر ہی حملہ کر دیا: ڈی جی آئی ایس پی آر

ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل احمد شریف چوہدری نے راولپنڈی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہا ہے کہ نو مئی صرف افواجِ پاکستان کا نہیں بلکہ پورے ملک کا مقدمہ ہے۔ جزا و سزا کے نظام پر یقین رکھنا ہے تو نو مئی کے ملزمان کو آئین و قانون کے مطابق جلد سزا دینی پڑے گی۔

فوجی ترجمان میجر جنرل احمد شریف چوہدری نے پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ گزشتہ برس نو مئی کے روز جو کچھ ہوا وہ کسی سے ڈھکا چھپا نہیں۔ اس واقعے کے شواہد عوام اور افواج کے پاس موجود ہیں۔

ترجمان نے کہا کہ بعض سیاسی رہنماؤں نے چن چن کر اپنے کارکنوں کو اہداف دیے کہ انہیں کہاں حملہ کرنا ہے جب کہ کچھ شہروں میں فوجی تنصیبات پر حملے کروائے گئے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر  کے مطابق نو مئی واقعات کے جب شواہد لوگوں کے سامنے آئے تو عوام کا ردِعمل بھی سامنے آیا اور آپ نے دیکھا کہ عوام اس انتشاری ٹولے سے پیچھے ہٹی۔

ان کے بقول جب نو مئی کے شواہد آئے تو جھوٹا پروپیگنڈا شروع کر دیا گیا ہے کہ یہ فوج کی طرف سے کروایا گیا۔ یہ پروپیگنڈا نہیں چل سکتا۔

فوجی ترجمان نے پریس کانفرنس کے دوران کور کمانڈر ہاؤس سمیت دیگر فوجی تنصیبات پر توڑ پھوڑ اور جلاؤ گھیراؤ کی ویڈیوز اور تصاویر پر مشتمل ویڈیو چلوائی جس میں پی ٹی آئی کے رہنماؤں یاسمین راشد، شہریار آفریدی، مراد سعید، اعجاز چوہدری کے کلپس بھی چلائے گئے۔

ترجمان نے پاکستان تحریکِ انصاف یا عمران خان کا نام لیے بغیر کہا کہ نو مئی کی اصل حقیقت یہ ہے کہ وہ سیاسی ٹولہ اس حد تک چلا گیا کہ اس نے فوج پر ہی حملہ کر دیا۔

 میجر جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ نو مئی واقعے کی تحقیقات کی جوڈیشل انکوائری کروانی ہے تو پی ٹی وی پارلیمنٹ ہاؤس پر حملے کی بھی تحقیقات کروائی جائیں۔

جوڈیشل کمیشن یہ بھی دیکھے کہ پاکستان کے خلاف کس طرح لابنگ کی گئی، کمیشن اس کا بھی احاطہ کرے کہ وہ کون لوگ تھے جو سوشل میڈیا پر اداروں کے خلاف نفرت پھیلا رہے تھے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر  نے کہا کہ انتشاری ٹولے سے کوئی بات نہیں ہو سکتی کیوں کہ بات چیت سیاسی جماعتوں کو زیب دیتی ہے فوج کو نہیں۔ انتشاری ٹولے کے پاس ایک ہی راستہ ہے کہ وہ صدقِ دل سے معافی مانگے اور تعمیری سیاست میں حصہ لے۔

مزید خبروں کیلئے وزٹ کریں

Comments are closed.